ایجنسیوں کی رپورٹ پر حافظ حمداللہ کی شہریت ختم کی گئی: اعظم سواتی کا انکشاف

حافظ حمداللہ کی شہریت ایجنسیوں کی رپورٹ پر ختم کی گئی اور حکومت اس عمل کی مذمت کرتی ہے: رہنما پاکستان تحریکِ انصاف

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 11 نومبر 2019 21:34

ایجنسیوں کی رپورٹ پر حافظ حمداللہ کی شہریت ختم کی گئی: اعظم سواتی کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11نومبر2019ء) : رہنما پاکستان تحریکِ انصاف اعظم سواتی نے انکشاف کیا ہے کہ حافظ حمداللہ کی شہریت ایجنسیوں کی رپورٹ پر ختم کی گئی اور حکومت اس عمل کی مذمت کرتی ہے۔ اپوزیشن کی ریکوزیشن پر سینیٹ اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی صدارت میں ہوا جہاں اپوزیشن اراکین نے حکومت کی جانب سے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے حوالے سے بحث کی جس پر انہوں نے کہا کہ حافظ حمداللہ کی شہریت ایجنسیوں کی رپورٹ پر ختم کی گئی تھی۔

یاد رہے کہ ہائیکورٹ نے حافظ حمد اللہ کی شہریت منسوخی کا فیصلہ معطل کردیا تھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے جے یو آئی (ف) کے رہنما حافظ حمد اللہ کی شہریت منسوخی سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کی تھی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیاتھا کہ نادرا نے ان کا شناختی کارڈ منسوخ کر دیا ہے، فیصلے کے خلاف نادرا میں درخواست دی لیکن ایک ہفتے سے اس پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی، نادرا کا اقدام کالعدم قرار دے کر وزارت داخلہ کو مزید کسی بھی کارروائی سے روکا جائے۔

نادرا کی جانب سے عدالت میں مؤقف اپنایا گیاتھا کہ دسمبر 2018ء میں پہلی مرتبہ حافظ حمد اللہ کو خط لکھا گیا، ضلعی سطح کی کمیٹی کو آگاہ کیا گیا، حافظ حمد اللہ کی جانب سے اس کمیٹی میں پیش کردہ دستاویزات جعلی نکلیں۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیا حافظ حمداللہ کے بچے ہیں اور کیا ان کے شناختی کارڈ بنے ہوئے ہیں ؟ جس پر درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ان کے موکل کے بچوں کے شناختی کارڈ بھی بنے ہوئے ہیں، حافظ حمد اللہ کا ایک بیٹا فوج میں بھی ہے، جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ جو ماں اپنے بیٹے کو وطن پر قربان کرنے کے لئے بھیج دے کیا اُس کے شوہر کی شہریت پر کوئی شک ہو سکتا ہے؟نادرا کا دائرکارنہیں کہ کسی کی شہریت پرسوال اٹھائے۔