Live Updates

وفاقی کابینہ کی اکثریت نے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا

کابینہ میں شامل وزراء کی اکثریت سابق وزیر اعظم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالف ہے، کل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں بھرپور مخالفت کی جائے گی: وفاقی وزیر فیصل واوڈا

muhammad ali محمد علی پیر 11 نومبر 2019 21:50

وفاقی کابینہ کی اکثریت نے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 نومبر2019ء) وفاقی کابینہ کی اکثریت نے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا، وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ کابینہ میں شامل وزراء کی اکثریت سابق وزیر اعظم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالف ہے، کل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں بھرپور مخالفت کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی منگل کو نواز شریف کے باہر جانے کے معاملہ پر غورکرے گی، اب دو نہیں ایک قانون چلے گا ،حکومت سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں فیصلہ کرے گی۔

فیصل واڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ وفابی کابینہ کے اراکین کی اکثریت نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالف ہے اور کابینہ اجلاس میں بھی اسی رائے کا اظہار کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو عدالت نے ضمانت دی ہے اور ہم عدالت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، نواز شریف سمیت کسی کی بیماری پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، بدقسمتی سے ہمارے ملک میں 72 سال سے یہ ڈرامہ چل رہا ہے اور کسی نہ کسی طریقے سے ایلیٹ کلاس کو سہولت دی جاتی ہے لیکن قانون اب دو نہیں ایک ہی چلے گا، امیر ہو یا غریب سب کیلئے قانون ایک جیسا ہو گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسمبلی میں دو نہیں ایک ہی قانون پر کئی بار بات کرنے کی کوشش کی لیکن جب بھی قانون پر بات کی تو پروڈکشن آرڈر پر بحث شروع ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرق واضح ہے کہ نواز شریف اب ملزم نہیں مجرم ہیں، یہ نہیں ہو سکتا کہ کوئی بیمار ہے تو جیل سے نکل کر بیرون ملک چلا جائے، جان لیوا بیماری ہو تو گھر پر آئی سی یو بنا کر نہیں لے جایا جاتا۔ شہباز شریف کی تصویر ٹوئٹ کر کے کہا جاتا ہے کہ گیم چینجر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں کوئی کسی کی زندگی کی گارنٹی نہیں دے سکتا اور ن لیگ کے رہنما حکومت سے نواز شریف کی زندگی کی گارنٹی مانگتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات