Live Updates

سابق وزیراعظم نواز شریف پرسوں رات چلے جائیں گے

مریم نواز کا 48 گھنٹوں میں ٹویٹر اکاؤنٹ فعال ہوجائے گا۔ سینئیر صحافی عارف حمید بھٹی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 12 نومبر 2019 10:33

سابق وزیراعظم نواز شریف پرسوں رات چلے جائیں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 نومبر 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے کہا کہ شریف خاندان کی جانب سے تاحال حتمی فیصلہ نہیں کیا لیکن مریم نواز نے رضا مندی ظاہر کر دی ہے کہ اس طرح وہ اپنی اور اپنے والد کی سیاست کو زندہ رکھ سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف پرسوں رات چلے جائیں گے جبکہ مریم نواز کا ٹویٹر اکاؤنٹ بھی آئندہ 48 گھنٹوں میں فعال ہو جائے گا۔

عارف حمید بھٹی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے لیے تمام حالات ٹھیک ہوتے جا رہے ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے حالات بھی بہتر ہورہے ہیں ،دوسری جانب نیب اچانک خاموش ہو گیا ہے او ر گرفتاریوں کا سلسلہ بالکل رُک گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ایک ہی نعرہ تھا کسی کو این آر او نہیں دوں گا لیکن اب ان کو یہ کہا جا رہا ہے ،آپ کسی کو گرفتار نہیں کروگے ۔

(جاری ہے)

عارف حمید بھٹی نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان ابھی تک بیٹھیں ہیں ،وہ عمران خان کی شہہ رگ پر تلوار ہیں ،وہ کہتے ہیں عمران استعفیٰ دے ،استعفیٰ تو نہیں دیں گے لیکن دوسری بات جس نے عمران خان کی راتوں کی نیندیں ختم کردی ہیں اور وہ یہ ہے کہ مریم نواز 48 گھنٹوں میں کنٹینر پر جا کر کھڑی ہو سکتی ہیں۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف بیرون ملک روانہ ہونے والے تھے کہ ان کا نام ای سی ایل میں ہونے کی وجہ سے ان کی بیرون ملک روانگی منسوخ کر دی گئی تھی جس کے بعد نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کی نئی تاریخ سامنے آگئی تھی۔

سابق وزیراعظم کے لیے کل 13 نومبر بروز بدھ کے لیے نئی ٹکٹ بک کروا لی گئی ہے۔ جبکہ نواز شریف کے لیے قطر ائیرویز کی ائیر ایمبولینس کا انتظام بھی کروا لیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات