Live Updates

نوازشریف کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لئے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

سابق وزیراعظم منی لانڈرنگ میں ملوث رہے ہیں اور حسین حقانی کی طرح نوازشریف بیرون ملک جاکرواپس نہیں آئیں گے. درخواست گزار

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 12 نومبر 2019 15:19

نوازشریف کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لئے درخواست کے قابل سماعت ہونے ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 نومبر ۔2019ء) لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لئے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے . تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لئے درخواست پر سماعت کی درخواست گزار بیرسٹر سید محمد جاویداقبال جعفری نے دلائل دیتے ہوئے کہا نوازشریف منی لانڈرنگ میں ملوث رہے ہیں اور حسین حقانی کی طرح نوازشریف بیرون ملک جاکرواپس نہیں آئیں گے ، سر کا خطاب واپس لینے کی درخواست لاہور ہائی کورٹ میں زیرالتواءہے .

(جاری ہے)

درخواست گزار نے استدعا کی نوازشریف کوبیرون ملک جانے کی اجازت کیس کے فیصلے سے مشروط کی جائے، جس پر عدالت نے استفسارکیا کہ کس اختیار کے تحت کسی کو بیرون ملک جانے سے روکا جاسکتا ہے،عدالت نوٹس جاری کر کے جواب طلب کرلیتی ہے . درخواست گزار نے کہا کہ جواب آنے تک تو نوازشریف باہرچلے جائیں گے، پیش بندی کے طورپر نوازشریف کو باہر جانے سے روکا جائے، وفاقی حکومت کے وکیل نے کہا کہ سر کے خطاب کا کیس تو ابھی زیر سماعت ہے، وفاقی حکومت سے ہدایات کے لئے وقت دیا جائے ‘جس پرعدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا .

خیال رہے کہ نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نہیں نکالا جا سکا ہے ، سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے ، کمیٹی نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر سفارشات مرتب کرے گی جبکہ حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی . نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی ذمہ داری وفاقی حکومت پر ڈال دی تھی اور کہا تھا کہ وفاقی حکومت مجاز اتھارٹی ہے واضح رہے حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا تھا ، ذرائع کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا نام 48سے 72گھنٹوں میں ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا، نواز شریف کو ایئر ایمبولینس میں بیرون ملک لے جایا جاسکتا ہے .

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے پارٹی راہنماﺅں کے اجلاس میں کہا تھا کہ نوازشریف کے ای سی ایل کا معاملہ نیب کے پاس ہے، نیب کی سفارش پر نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا اور نیب کی سفارش پر ہی ان کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے گا .
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات