افغا ن حکومت کا مغوی غیر ملکی شہریوں کے بدلے طالبان راہنماﺅں کی رہائی کااعلان

امریکی اور آسٹریلوی شہری کے بدلے 3طالبان راہنماﺅں کو رہا گیا جائے گا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 12 نومبر 2019 15:37

افغا ن حکومت کا مغوی غیر ملکی شہریوں کے بدلے طالبان راہنماﺅں کی رہائی ..
کابل(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 نومبر ۔2019ء) افغانستان کی حکومت نے مغوی غیر ملکی شہریوں کے بدلے طالبان راہنماﺅں کی رہائی کا فیصلہ کیا ہے. غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے 3 عسکریت پسند راہنماﺅں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں انس حقانی، حاجی ملی خان اور حافظ راشد شامل ہیں قیدیوں کے تبادلے کے ذریعے افغانستان اور طالبان کے درمیان ملک میں جنگ کے خاتمے کے لیے امن مذاکرات کی راہ بھی ہموار ہوسکتی ہے.

(جاری ہے)

انس حقانی کا خطے کے خطرناک ترین حقانی گروپ کے اعلیٰ ترین راہنماﺅں میں شمار ہوتا ہے، جبکہ حاجی ملی خان اور حافظ راشد کا تعلق طالبان سے ہے ان کی رہائی کے عوض طالبان کی جانب سے دو غیر ملکی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا جن میں سے ایک کا تعلق امریکا اور دوسرے کا آسٹریلیا سے ہے. امریکی کا نام کیون کنگ اور آسٹریلوی شہری کا نام ٹموتھی ویکز ہے جو کابل میں امریکی یونیورسٹی کے پروفیسر تھے اور 2007 میں انہیں یونی ورسٹی کے باہر سے انہیں اغوا کیا گیا تھا.

صدر اشرف غنی نے سرکاری ٹی وی پر براہ راست اس اقدام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کے اعلیٰ راہنماﺅں کی رہائی مشکل فیصلہ ہے جو ملک و قوم کے مفاد میں کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ طالبان سے براہ راست مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے دو غیر ملکیوں کے بدلے طالبان قیدی رہا کیے جارہے ہیں. واضح رہے کہ یہ فیصلہ ایسے وقت کیا گیا ہے جب امریکا اور طالبان کے درمیان تعطل کا شکار مذاکرات کو بحال کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں گزشتہ ماہ امریکا اور طالبان کے درمیان امن معاہدہ ہونے ہی والا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کابل میں ایک حملے کو جواز بناکر یہ معاہدہ منسوخ کردیا.