سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادوں کی شوگر مل سیل کر دی گئی

سرگودھا کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر( اے ڈی سی )ریونیو کیپٹن (ر) شعیب نے العریبیہ شوگر مل سیل کردی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 12 نومبر 2019 16:17

سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادوں کی شوگر مل سیل کر دی گئی
سرگودھا (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 نومبر 2019ء) : سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادوں حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کی شوگر مل سیل کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگاں نہ کرنے پر سابق وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادوں حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کی ملکیتی العریبیہ شوگر مل سیل کردی گئی ہے ۔شوگر مل سرگودھا کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر( اے ڈی سی ) ریونیو کیپٹن (ر) شعیب نے ٹیم کے ہمراہ مل میں چھاپہ مارنے کے بعد سیل کر دی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ضلی انتظامیہ کی جانب سے مارے گئے چھاپے کے دوران مل میں ذخیرہ کی گئی 4 لاکھ 25 ہزار سے زائد چینی کی بوریاں قبضہ میں لے لی گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے مل کو سیل کر کے مزید کارروائی شروع کردی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ملزم انتظامیہ کے ذمہ گنے کے کاشتکاروں کے اربوں روپے واجب الادا ہیں،کچھ کاشتکار ایسے بھی ہیں جن کو 2011ء کے گنے کے سیزن کی تاحال ادائیگیاں نہیں کی گئی ہیں۔

اس ضمن میں کین کمشنر اور ضلعی انتظامیہ کے بار بار نوٹسز کے باوجود کاشتکاروں کو رقم ادا نہ کی گئی۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال بھی نیب ٹیم نے مل میں چھاپہ مار کر ریکارڈ قبضہ میں لے لیا تھا۔ کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ مل سیل کرنے اور کارروائی ہونے کے بعد اُمید پیدا ہوئی ہے کہ شاید ہمیں ادائیگیاں کر دی جائیں گی ، ادائیگیاں نہ ہونے کی صورت میں ہمیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن اس ضمن میں ہماری کوئی شنوائی نہیں ہوتی۔ دوسری جانب شوگر مل سیل ہونے سے شریف خاندان پر ایک اور مصیبت آن پڑی ہے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف یا ان کے دونوں صاحبزادوں حمزہ شہباز یا سلمان شہباز کے قریبی ذرائع نے اس حوالے سے کوئی رد عمل نہیں دیا۔