صدراسلام آباد چیمبر محمد احمد وحیدو دیگر کا حکومت کی طرف سے برآمداتی شعبہ کو 200 ارب روپے کے رعایتی قرضے فراہم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم

منگل 12 نومبر 2019 18:34

صدراسلام آباد چیمبر محمد احمد وحیدو دیگر کا حکومت کی طرف سے برآمداتی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2019ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید، سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے حکومت کی طرف سے برآمداتی شعبہ کو 200 ارب روپے کے رعایتی قرضے فراہم کرنے اور برآمد کنندگان کو سٹیٹ بینک آف پاکستان سے قرضے کی فراہمی کیلئے 100ارب روپے اضافی مختص کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں، معیشت کی بہتری کیلئے حکومت نے مثبت اقدامات اٹھائے ہیں جس سے برآمد کنندگان کو پیداواری صلاحیت بڑھانے اور برآمدات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

منگل کو یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگان کو کم شرح سود پر جو قرضے فراہم کئے جائیں گے اس سلسلے میں شرح سود کے فرق کو حکومت پورا کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجٹ 2019-20ء میں برآمداتی شعبہ کیلئے زیرو ٹیکس کی سہولت ختم کر دی تھی جس وجہ سے اس شعبہ کے مسائل میں اضافہ ہو گیا تھا اور ان حالات میں برآمدکنندگان کو کم شرح سود پر قرضوں کی فراہمی سے اس شعبہ کی مشکلات کم ہوں گی اور کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملنے سے برآمدات میں اضافہ ہو گا۔

انہوںنے کہا کہ حکومت نے برآمدکنندگان کو ٹیکس ریفنڈز کیلئے 30 ارب روپے کے پرامزری نوٹ یا بانڈز جاری کرنے کی بجائے ان کو 30 ارب روپے کیش کی صورت میں دینے کا اعلان کیا ہے جو قابل ستائش ہے، اس اقدام سے برآمدکنندگان کے مالی مسائل کم ہوں گے اور پیداواری سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔ محمد احمد وحید نے کہا کہ حکومت نے سبسڈی کے طور پر نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کیلئے 30 ارب روپے اضافی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جو ایک خوش آئند فیصلہ ہے کیونکہ اس سے معاشرے کے غریب لوگوں کیلئے سستے گھر تعمیر کرنے میں کافی مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس منصوبے میں حصہ لینے والے بزنس مینوں کو بھی ٹیکس ریلیف فراہم کرنے کا عندیہ دیا ہے جو بہت حوصلہ افزا ہے۔ انہوںنے تاجر برادری پرزور دیا کہ وہ اس رعایت سے فائدہ اٹھانے کیلئے نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام میں بھرپور شرکت کریں اور سستے گھروں کی تعمیر میں اپنا مثبت کردار ادا کریں جس سے معیشت اور معاشرے کیلئے متعدد فوائد پیدا ہوں گے۔