بہادر اور غیورکشمیریوں نے 100 دن میں عظیم استقامت وقربانی کی سات دہائیوں پر محیط تاریخ دہرائی ہے ‘ شہباز شریف

مقبوضہ کشمیر کی قیادت اور عوام قابل فخر ہیں، ان کی قربانیوں پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں ‘ صدر مسلم لیگ (ن)

منگل 12 نومبر 2019 20:33

بہادر اور غیورکشمیریوں نے 100 دن میں عظیم استقامت وقربانی کی سات دہائیوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں کرفیواور لاک ڈائون کے 100دن مکمل ہونے پر بھارت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہادر اور غیورکشمیریوں نے 100 دن میں عظیم استقامت وقربانی کی سات دہائیوں پر محیط تاریخ دہرائی ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی قیادت اور عوام قابل فخر ہیں، ان کی قربانیوں پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں ،بھارت کا ہرظلم کشمیریوں کے دل میں آزادی کی تڑپ مزید تیز کردیتا ہے ،72برس سے زائد عرصہ سے بہادر کشمیری عوام بھارتی مظالم کا سامنا کررہے ہیں ،یہ100 دن ثبوت ہے کہ عالمی ضمیر قید ہے ،دنیا کے مظلوم سوال کررہے ہیں کہ مہذب عالمی ضمیر کہاں سورہا ہی سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کہاں ہیں انسانی حقوق میں تفریق اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی ہے ،تاریخ سلامتی کونسل اور عالمی انسانی حقوق کے اداروں کا کردار مثبت الفاظ میں بیان نہیں کرے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ظالم اور قاتل مودی کے فسطائی، آمرانہ اور ظالمانہ اقدامات کشمیریوں کے صبر اور قربانیوں سے شکست کھا چکے ہیں،مظلوم اور نہتے کشمیریوں کے بہتے لہو کی اصل ذمہ دار اقوام متحدہ ہیعالمی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیریوں کو حق دیا تھا جسے بھارت پامال کررہا ہے ۔ان 100روز میںمودی نے بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کو قتل کیا ہے ،مقبوضہ کشمیر کو جیل اور خون کے دریا میں بدلنے والوں کو اپنے مظالم کا حساب دینا ہوگا ،ہمیں مقبوضہ جموں وکشمیر کے اپنے مظلوم بھائیوں، بہنوں اوربچوں کی تکالیف اور مصائب کا ادراک ہے ان کے حق آزادی کے لئے اپنا بھرپور کردارادا کریں گے۔