ایوان بالا میں وزیر امور کشمیر کی عدم موجودگی پر اپوزیشن کے احتجاج پر صدر نشین نے اجلاس (کل) تک ملتوی کر دیا

منگل 12 نومبر 2019 21:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2019ء) ایوان بالا میں امور کشمیر کے وزیر کی عدم موجودگی پر اپوزیشن کے احتجاج پر صدر نشین نے اجلاس (کل) بدھ کو ساڑھے تین بجے تک ملتوی کر دیا۔ صدر نشین نے ہدایت کی کہ متعلقہ وزیر بدھ کو ایوان میں آئیں۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں اپوزیشن نے متعلقہ وزیر کی عدم موجودگی پر احتجاج کیا اور کہا کہ انتہائی اہم معاملے پر بحث ہو رہی ہے اور متعلقہ وزیر موجود نہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر ستارہ ایاز جو اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں، نے ارکان کو نشستوں پر بیٹھنے کی تاکید کی لیکن اپوزیشن ارکان نشستوں پر کھڑے ہو کر ایک ساتھ بولتے اور شور مچاتے رہے۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یہاں آنا تھا، ان کے کزن کی وفات ہوئی تھی، میں یہاں موجود ہوں اور نوٹس لے رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بتا دے کہ کیا وہ اس ایوان کو چلنے نہیں دینا چاہتے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ حکومت کو اس ایوان میں بحث کو اہمیت اور اولیت دینی چاہئے تھی۔ صدر نشین نے ایوان بالا کا اجلاس (آج) بدھ کو ساڑھے تین بجے تک ملتوی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ متعلقہ وزیر ایوان میں آئیں۔