قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے ساتویں راوٴنڈ کا دوسرا روز مکمل

ناردرن کے خلاف سندھ کی میچ میں واپسی کا سلسلہ جاری، عمران بٹ کی سنچری نے میچ میں بلوچستان کی پوزیشن مستحکم کردی

منگل 12 نومبر 2019 20:18

قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے ساتویں راوٴنڈ کا دوسرا روز مکمل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 نومبر2019ء) نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ناردرن کے 408 رنز کے جواب میں سندھ نے پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 247 رنز بنالیے ہیں۔ اوپنر شہزر محمد اور مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ 65 رنز پر ابتدائی 3 کھلاڑیوں کے پویلین واپس لوٹنے کے بعد اوپنر شہزر محمد اور فواد عالم نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔

شہزر محمد 74 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے۔ سرفراز احمد کے جلد آوٴٹ ہونے کے بعد فواد عالم نے انور علی کے ہمراہ اسکور بورڈ کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ دن کے اختتام تک دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 75 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوچکی تھی۔ فواد عالم 75 اور انور علی 41 کے انفرادی اسکور سے کھیل کے تیسرے روز کا دوبارہ آغاز کریں گے۔

(جاری ہے)

ناردرن کی جانب سے صدف حسین اور نعمان علی 2،2 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

اس سے قبل ناردرن نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 396 رنز سے کھیل کا دوبارہ آغاز کیا تو میچ کے دوسرے روز آخری 2 کھلاڑی ٹیم کے مجموعے میں صرف 12 رنز کا ہی اضافہ کرسکے۔ سندھ کے سہیل خان اور میر حمزہ نے پہلی اننگز میں 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔
ادھر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بلوچستان کے 450 رنز کے جواب میں سنٹرل پنجاب نے پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 28 رنز بنالیے ہیں۔

سنٹرل پنجاب کے آوٴٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں رضوان حسین اور نائٹ واچ مین احسان عادل شامل ہیں۔ سلمان بٹ 15 اور احمد شہزاد بغیر کوئی رنز بنائے کریز پر موجود ہیں۔ اس سے قبل بلوچستان نے میچ کے دوسرے روز 2 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز سے اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو عمران بٹ نے ایونٹ کی دوسری سنچری اسکور کرکے بلوچستان کو ایک بار پھر بڑا مجموعہ بنانے میں مدد دی۔

انہوں نے تیسری وکٹ کے لیے عمران فرحت کے ہمراہ 167 رنز کی شراکت قائم کی۔ عمران بٹ 137 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے۔ کپتان عمران فرحت نے 87 رنز کی اننگز کھیلی۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے فاسٹ باوٴلر اعزاز چیمہ نے 100 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کوپویلین کی راہ دکھائی۔
دوسری جانب ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں جاری میچ کا دوسرا روز خیبرپختونخوا کے نام رہا۔ چار روزہ میچ میں خیبرپختونخوا نے پہلی اننگز میں سدرن پنجاب کے 338 رنز کے جواب میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنالیے ہیں۔

خیبرپختونخوا کی جانب سے مڈل آرڈر بلے باز اشفاق احمد نے سیزن کی تیسری نصف سنچری اسکور کی۔ وہ 81 رنز بناکر عادل امین کے ہمراہ کریز پر موجود ہیں۔ 8 کے انفرادی اسکور پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد اشفاق احمد اور اوپنر صاحبزادہ فرحان کے درمیان 73 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ صاحبزادہ فرحان 47 رنز بناکر آوٴٹ ہوگئے۔ اس سے قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز سے کھیل کے دوسرے روز کا دوبارہ آغاز کرنے والی سدرن پنجاب کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 338 رنز بناکر آوٴٹ ہوگئی۔ صہیب مقصود 57 اور آغا سلمان 45 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے۔ خیبرپختونخوا کی جانب سے احمد جمال نے 93 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔