اعجازاحمدچوہدری کی زیر صدارت اجلاس‘ حلقہ میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا

بدھ 13 نومبر 2019 00:08

لاہور۔12 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2019ء) پی ٹی آئی مرکزی پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری کی صدارت میں این اے 133 میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ، اجلاس میں پی پی 166 اور پی پی 167 کی مختلف یونین کونسلز میں سیوریج ، پانی کی لائنوں کی تبدیلی ، سڑکوں اورگلیوں کی تعمیر کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعجازاحمدچوہدری نے کہاکہ حلقہ این اے 133 کی مختلف یونین کونسلز میں گٹروں کی صفائی کا عمل شروع ہو چکا ہے ،چالیس ہزار سیوریج کی لائن اور 935 گٹروں کی صفائی کی جاچکی ہے ، واسا کے عملے کے ساتھ پی ٹی آئی کے کارکن بھرپور تعاون کررہے ہیں، کئی دہائیوں سے برسرِاقتدار رہنے والی (ن )لیگ نے علاقے کے عوام کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی اور نہ ہی سیوریج کی لائنوں صفائی کی گئی، پہلی بار حلقے میں منصوبہ بندی کے تحت بلا تفریق سارے حلقے میں گٹروں کی صفائی کی جارہی ہے جس سے عوام کی مشکلات میں کافی حد تک کمی آئے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی پر بھی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور حلقے میں بند واٹر فلٹرز پلانٹ کودوبارہ چلایا جائے گا، اجلاس میں واسا کے اعلیٰ افسران سمیت پی ٹی آئی کے رہنمائوں فیاض بھٹی ، آفتاب افگن ، علی رضا نقوی، عارف بلوچ، علائو الدین ، مہر نعیم اللہ تاج ، جاوید بھٹی ، اشفاق بلوچ، امجد خان ، عدنان چوہدری ، چوہدری ریاض ، رائے امجد ، جہانگیر مغل ، عدیل جوئیہ، اسد قدوسی، عمران مانا، لیاقت مغل نے شرکت کی ۔

بعدازاں اعجازاحمدچوہدری سے پارٹی دفتر میں مختلف اضلاع سے آئے ہوئے پارٹی رہنمائوں ، اراکین صوبائی اسمبلی اور کارکنوں نے ملاقاتیں کیں ، پارٹی کی تنظیم سازی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، ملاقات کرنے والوں میں مبین کمبوہ ، طاہر الطاف، سعدیہ سہیل، عائشہ چوہدری، روبینہ عزیز، روبینہ شاہین، نبیلہ حاکم علی ، نسیم زہراء ، انیلہ بیگ ، ڈاکٹر مصباح ظفر سمیت دیگر شامل تھے ۔