وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار

عدالتوں سے ہماری ضمانت کے احکامات ہیں اور مچلکے وہاں جمع کرچکے ہیں.عطااللہ تارڈ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 13 نومبر 2019 00:30

وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان ڈیڈ لاک ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 نومبر ۔2019ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج کرنے کے معاملے پر وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان ڈیڈ لاک ہے.مسلم لیگ (ن) کے نمائندے عطااللہ تارڈ نے وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوںسے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ذیلی کمیٹی سے معاملات میں ڈیڈ لاک ہے.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ سے دونوں عدالتوں سے ہماری ضمانت کے احکامات ہیں اور مچلکے وہاں جمع کرچکے ہیں‘عطااللہ تارڈ نے ہائی کورٹ کے احکامات کے حوالے سے کہا کہ 'طبی علاج کی ساری بات ہم وہاں کرچکے ہیں اس لیے مزید کوئی مچلکے جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہے. وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کمیٹی کے رکن مرزا اکبر کے ہمرا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا ہے اور فیصلہ جلد ہوگا اور میرٹ پر ہوگا انہوں نے کہا کہ ساڑھے 9 بجے کارروائی شروع ہوئی اور تجاویز کے حوالے سے فیصلہ محفوظ ہوا ہے اور جلد از جلد فیصلہ دیا جائے میڈیا پر فیصلہ صبح 10 بجے آنے کی بات درست نہیں آئی ہے.

فروغ نسیم نے کہا کہ ہمارا فیصلہ تجاویز ہیں جو کابینہ میں جائیں گی جس کو کابینہ منظور یا مسترد کرنا ہے‘پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بانڈز جمع کرانے کے حوالے سے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ میاں صاحب کی اپنی صوابدید ہے لیکن ہمارا جو فیصلہ کسی کی رضامندی پر منحصر نہیں بلکہ یہ فیصلہ میرٹ پر ہوگا جو بھی ہوگا. انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے اجلاس میں جتنی باتیں ہوئی ہیں وہ ان کیمرا ہیں لیکن صرف میرٹ پر فیصلہ ہوگا وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا دوسرا اجلاس نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر ہوا اس سے قبل ہونے والے اجلاس میں فریقین کو دستاویزات لانے کا کہا گیا تھا.

سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا پہلا اجلاس 5 گھنٹے تک جاری رہا تھا جس میں کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا تھا.