Live Updates

صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ کا تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال، میونسپل کمیٹی اور تھانہ کوٹلی ستیاں کا دورہ

ڈیوٹی سے غیر حاضر آڈٹ آفیسر کے خلاف انکوائری اور کاروائی کا حکم ڈی ایس پی کوٹلی ستیاں کو تھانے کے اندر ہی دفتر بنانے کی ہدایت

بدھ 13 نومبر 2019 13:09

صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ کا تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال، میونسپل کمیٹی ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2019ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے دیہی عوام کو صحت کی معیاری سہولیات بہم پہنچانے کے حکومت پنجاب کے پروگرام کے تحت تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کوٹلی ستیاں کا دورہ کیا اورہسپتال میں ڈاکٹروں ، پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری ، ادویات کی دستیابی ، صفائی اور دیگر معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا ․اس موقع پر کوٹلی ستیاں سے تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی میجر لطاسب ستی ، پی ٹی آئی کے مقامی راہنماء راجہ محمد احسان ستی ، ڈی او ہیلتھ راولپنڈی چوہدری راشد ، ڈی ڈی او ہیلتھ کوٹلی ستیاں ڈاکٹر ابرار الحق ستی بھی ان کے ہمراہ تھے ․ راجہ راشد حفیظ نے ہسپتال کے تمام شعبوں میں جا کر وہاں صحت کی سہولیات ، عملے کی حاضری اور صفائی کو چیک کیا اور مریضوں سے ان کے علاج معالجے کے بارے میں دریافت کیا ․ صوبائی وزیر نے سٹاک رجسٹراور فارمیسی میں ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیا ․ انہوں نے ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر سلیمان خان اور متعلقہ سٹاف سے اس حوالے سے بریفنگ لی․ انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں کسی صورت منظور شدہ ادویات کی کمی نہیں ہونی چائییی․ جن مریضوں کا علاج یہاں ممکن نہ ہو ان کو فوری طور پر راولپنڈی کے ہسپتالوں میں ریفر کیا جائے اور مستحق مریضوں کو ایمبولینس کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں ․ اس موقع پر راجہ راشد حفیظ نے ہسپتال میں جنریٹر ، ڈینٹل یونٹ اور فیملی پلاننگ سے متعلقہ سہولیات کی کمی کے بارے میں آگاہ کیا گیا جس پر صوبائی وزیر نے یقین دہانی کرائی کے وہ ان مسائل کے حل کے حوالے سے وزیر اعلی پنجاب اور متعلقہ حکام سے بات کرکے ان کی دستیابی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے ․ اس موقع پر صوبائی وزیر نے پاکستان تحریک انصاف کے مقامی راہنمائوں کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو بھی کی اور کہا کہ پنجاب حکومت صوبے کے تمام علاقوں میں عوام کو صحت سمیت تعلیم ، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی پر پوری توجہ سے کام کر رہی ہے ․ ہماری حکومت نے تمام وسائل کی رخ عوام کی جانب موڑ دیا ہے اور ان کے بہترین اور شفاف استعمال سے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کی کاوشیں جاری ہیں ․ انہو ںنے کہا کہ حکومت وسائل کی فراہمی میں کوئی لیت و لعل نہیں کر رہی اور جن علاقوں میں بنیادی سہولیات کی کمی ہے وہاں ان میں اضافہ کیا جا رہا ہے ․ انہو ںنے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام کے تحت مقامی لوگوں کو زیادہ سے زیادہ با اختیار بنایا جائے گا اور انہیں ترقیاتی کاموں کیلئے اپنی ترجیحات مقرر کرنے اور فنڈز کے استعمال کا بھی اختیار دیا جائیگا․ صوبائی وزیر نے اس موقع پر انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں ایک بچی کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا ․ ڈی ڈی او کوٹلی ستیاں نے صوبائی وزیر کو بنیادی مراکز صحت اور ڈسپنسریوں کے مسائل سے بھی آگاہ گیا ․ صوبائی وزیر نے میونسپل کمیٹی کے دفتر کا بھی دورہ کیاجہاں لوگوں نے انہیں مسائل سے آگاہ کیا ․ تحصیل آفیسر خالد محمود نے بتایا کہ انتظامی افسران اور سٹاف کی کمی کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ․ ایک شہری نے بتایا کہ وہ لاہور کے پانچ چکر لگا چکا ہے اور اس کو ایک فوتیدگی سرٹیفکیٹ نہیں مل سکا ․ صوبائی وزیر کے پوچھنے پر انہیں بتایا گیا کہ اے سی سمیت تحصیلدار ، نائب تحصیل دار اور پٹواریوں کی9 آسامیاں خالی ہیں اور اراضی ریکارڈ سنٹر میں بھی سٹاف کی شدید کمی ہے ․ صوبائی وزیر نے تعیناتی کے باوجود ایک ماہ سے اپنی ڈیوٹی پر حاضر نہ ہونے والے آڈٹ آفیسر کے خلاف انکوائری کرکے کاروائی کا حکم دیااور کہا کہ سٹاف کی کمی جلد دور کر دی جائے گی․ صوبائی وزیر نے تھانہ کوٹلی ستیاں کا بھی دورہ کیا --․ میجر لطاسب ستی نے تھانے میں پانی کی فراہمی کیلئے ہینڈ پمپ کی فراہمی کا ذمہ لیا ․ راجہ راشد حفیظ نے تھانے میں مقدمات کی تفصیل کے علاوہ سٹاف کی تعداد اور حاضری بارے بھی دریافت کیا اور ڈی ایس پی کو ہدایت کی کہ وہ اپنا دفتر تھانے کے اندر قائم کریں اور لوگوں کو جلد انصاف کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے -
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات