شہباز شریف ،مریم نواز ،خواجہ آصف نواز شریف کی کرسی سنبھالنے کی دوڑ میں ہیں، فواد چوہدری

یہ لوگ نواز شریف کو سکیورٹی بانڈز دینے دیں، نواز شریف واپس آئیں گے تو پیسے واپس مل جائیں گے،نواز شریف کی صحت پر سیاست نہ کریں، مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں روز نئے لطیفے سننے کو ملتے ہیں، فضل الرحمان جہاں جہاں نکلنا چاہتے ہیں نکلیں ہم دیکھنے کیلئے بیٹھے ہیں، وفاقی وزیر کی میڈیا سے گفتگو ، خطاب

بدھ 13 نومبر 2019 13:50

شہباز شریف ،مریم نواز ،خواجہ آصف نواز شریف کی کرسی سنبھالنے کی دوڑ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2019ء) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شہباز شریف ،مریم نواز ،خواجہ آصف نواز شریف کی کرسی سنبھالنے کی دوڑ میں ہیں، یہ لوگ نواز شریف کو سکیورٹی بانڈز دینے دیں، نواز شریف واپس آئیں گے تو پیسے واپس مل جائیں گے،نواز شریف کی صحت پر سیاست نہ کریں، مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں روز نئے لطیفے سننے کو ملتے ہیں، فضل الرحمان جہاں جہاں نکلنا چاہتے ہیں نکلیں ہم دیکھنے کیلئے بیٹھے ہیں۔

بدھ کو وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پہلے آرٹیفیشل انٹیلی جنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دنیا کے اسلامی ممالک کی توجہ پاکستان کی طرف تھی۔ انہوںنے کہاکہ 1952 میں پاکستان میں پی سی آئی آر بنایا گیا، پی سی آئی ایس آر دنیا کا بہترین ادارہ بن گیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان سوویٹ یونین اور یو ایس اے کے بعد پہلا راکٹ رہبر خلا میں بھیجنے والا ملک تھا۔

انہوںنے کہاکہ افغانستان کی جنگ میں جانے کی ہم سے غلطی ہوگئی، جنگ میں نہ جانتے تو آج ٹیکنالوجی میں ہم بہت آگے ہوتے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان فائنر آپٹک شروع کرنے والا پہلا ملک تھا۔انہوںنے کہاکہ ماضی میں سویلین اور ڈیفینس سیکٹر الگ الگ ٹیکنالوجی پر کام کرتے رہے۔انہوںنے کہاکہ ایس پی ڈی اور ایئرفورس کی ٹیکنالوجی کو ہم سویلین سیکٹر میں استعمال نہیں کر سکتے۔

انہوںنے کہاکہ جنرل باجوہ اس معاملے میں بہت کھلے دل کے مالک ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہم کوشش کر رہے ہیں ڈیفنس میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی کو سویلین سیکٹر میں استعمال کیا جائے۔انہوںنے کہاکہ اگلے سال ٹیکنالوجی کا پچاس فیصد بجٹ بڑھائیں گے۔انہوںنے کہاکہ ہمارے سول سیکٹر میں ریسرچ کوآرڈینیٹڈ نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ ہماری ریسرچ انڈسٹری کے ساتھ جٴْڑی نہیں ہے، نادرا نے بائیس کروڑ لوگوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا۔

انہوںنے کہاکہ ہم نے ایک سو چالیس ملین موبائل فونز کا فنگر پرنٹ ڈیٹا حاصل کیالیکن ہم اس ڈیٹا کو استعمال نہیں کر سکے، سٹیزن پورٹل بھی ڈیٹا کے استعمال سے چل رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ چائنہ ٹیکنالوجی اور ڈیٹا کے استعمال میں بہت آگے جا چکا ہے، چائنہ میں ٹرین پر بچا ہوا کھانا نیچے پھینکنے پر ٹکٹ ڈبل کر دیا جاتا ہے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ کابینہ میں گزشتہ روز طویل میٹنگ ہوئی، نوازشریف کی صحت کے حوالے سے وزیر اعظم کی تمام معاملات پر گہری نظر ہے، انسانی بنیاد پر کابینہ نے معاملے کا جائزہ لیا ہے، کابینہ نے نواز شریف کو انسانی بنیادوں باہر جانے کی اجازت دی ہے۔

انہوںنے کہاکہ ذیلی کمیٹی کہہ رہی ہے کہ ماضی میں کوئی ایسی مثال نہیں ہے۔فواد چوہدری نے کہاکہ نواز شریف کوئی ایسی گارنٹی تو دیں کہ ٹھیک ہوکر وہ واپس آجائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ اسحق ڈار بھی واپسی کی یقین دہانی کراتے رہے، حسین نواز اور حسن نواز بھی واپس نہیں آئے، ہم پیسے معاف نہیں کر سکتے،یہ پاکستانیوں کا پیسہ ہے، برطانیہ میں انہوں نے جائیدادیں چھپائی ہوئی تھیں۔

فواد چوہدری نے کہاکہ شہباز شریف ،مریم نواز ،خواجہ آصف نواز شریف کی کرسی سنبھالنے کی دوڑ میں ہیں، نواز شریف کی صحت پر سیاست نہ کریں۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف کو سکیورٹی بانڈز دینے دیں، نواز شریف واپس آئیں گے تو پیسے واپس مل جائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف کو صحتیاب ہونے دیں۔انہوںنے کہا کہ عدالت ای سی ایل سے نکال دے تو ہمارا کوئی مسئلہ نہیں، اب ساری ذمہ داری ہم پر ڈال دی گئی ہے۔

انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ ن کی ساکھ متاثر ہورہی ہے، ہماری طرف سے کوئی تاخیر نہیں مسلم لیگ ن کی طرف سے تاخیر ہو رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف کی صحت سے پیسہ زیادہ اہم نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ فضل الرحمان کے دھرنے میں روز نئے لطیفے سننے کو ملتے ہیں، فضل الرحمان جہاں جہاں نکلنا چاہتے ہیں نکلیں ہم دیکھنے کے لئے بیٹھے ہیں۔