آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15روز کی توسیع

بدھ 13 نومبر 2019 13:57

آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کے جوڈیشل ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2019ء) لاہور کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15روز کی توسیع کردی ۔غیر قانونی اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کو احتساب عدالت کے ایڈمن جج امیر محمد خان کے رو برو پیش کیا گیا۔ حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز عدالت پیش ہوئے۔

جج امیر محمد خان نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ حمزہ شہباز کیخلاف ریفرنس کب دائر کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

جس پر نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان سے تحقیقات چل رہی ہیں جیسے ہی مکمل ہوں گی ریفرنس دائر کر دیا جائے گا۔ عدالت نے نیب کے جواب پر حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15روز کی توسیع کر دی۔

عدالت نے ملزم کو دوبارہ 28نومبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔ حمزہ شہباز کی احتساب عدالت پیشی کے موقع اظہار یکجہتی کیلئے لیگی رہنما کثیر تعداد میں عدالت کے باہر موجود تھے ۔ پیشی کے موقع پر کنٹینر لگا کر راستے بھی بند رکھے گئے ۔ دوسری جانب کمرہ عدالت میں داخلے سے روکنے پر پولیس اہلکاروں اور وکلا کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی بھی ہوئی۔