ای سی ایل کو حکومتیں ہتھیار کے طور پر استعمال کرتی ہیں، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا

ہمارے پارٹی میں مذہب کا مسئلہ نہیں ہے ، جو جماعتیں مذہب کو سیاست کے لیے استعمال کرتی ہیں انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے، انٹرویو

بدھ 13 نومبر 2019 14:32

ای سی ایل کو حکومتیں ہتھیار کے طور پر استعمال کرتی ہیں، ڈپٹی چیئرمین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2019ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) کو حکومتیں ہتھیار کے طور پر استعمال کرتی ہیں ای سی ایل میں نام ڈالنے کا اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہونا چاہیے۔ایک انٹرویومیں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ میں ای سی ایل کے خلاف ہوں اور ہر حکومت اس کو بطور ہتھیار کے استعمال کرتی ہے، حکومت نے اگر کسی شخص کا نام بعد میں ای سی ایل سے نکالنا ہی ہوتا ہے تو اسے اس فہرست میں ڈالا ہی کیوں جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ای سی ایل کے حوالے سے دوبارہ قانون سازی کرنے کی ضرورت ہے،یہ ملک میں ایک مذاق بن کر رہ گیا ہے۔ ای سی ایل میں نام ڈالنے کا اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ یہاں تو کوئی بھی ادارہ کھڑا ہو کر حکومت کو کہہ دیتا ہے کہ فلاں شخص کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے اور اس کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا جاتا ہے، ایسا نہیں ہونا چاہے۔

اس معاملے پر بیرون ملک ہم پر مذاق اڑایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پارٹی میں مذہب کا مسئلہ نہیں ہے لیکن جو جماعتیں مذہب کو سیاست کے لیے استعمال کرتی ہیں انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آزادی مارچ کا فیصلہ حزب اختلاف کا مشترکہ تھا اور اس میں کوئی مذہبی معاملہ زیر بحث نہیں آیا تھا۔ احتجاج سب کا حق ہے اسے روکنا نہیں چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ کے آئندہ کا لائحہ عمل حزب اختلاف کی جماعتیں مل کر کریں گی۔ سیاسی جماعتیں موجودہ حکومت سے خوش نہیں ہیں اور انہوں نے اپنے مطالبات سامنے رکھ دیے ہیں۔سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ آزادی مارچ میں ساری جماعتیں موجود ہیں اور یہ کہنا بالکل غلط ہے کہ کسی ایک جماعت کا ہی احتجاج ہو رہا ہے اور ان کے ساتھ کوئی بھی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں آرڈیننس لانے شروع کر دئیے گئے ہیں جو مسترد ہو رہے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ پارلیمنٹ میں بل لے کر آئے اور اس پر بحث کے بعد اسے پاس کرایا جائے۔