Live Updates

چیف جسٹس کو چاہئیے کہ وہ عمران خان کو سو موٹو نوٹس جاری کریں

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف مطالبہ کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 13 نومبر 2019 14:21

چیف جسٹس کو چاہئیے کہ وہ عمران خان کو سو موٹو نوٹس جاری کریں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 نومبر 2019ء) : نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے وزیراعظم عمران خان کو سوموٹو نوٹس جاری کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان اور اُن کے وزرا نے جو ڈیل کی باتیں کی ہیں اب ان کو توہین عدالت کے نوٹس کا سامنا ہے۔ عمران خان بار بار کہتے ہیں کہ میں این آر او نہیں دوں گا تو اب ذرا عمران خان یہ سمجھا دیں کہ کون سا این آر او ہے جو وہ دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ کرپشن کے کیسز جو حکومت نے قائم کئے ہیں، اُن کا فیصلہ عمران احمد نیازی نے نہیں بلکہ عدالتوں نے کرنا ہے۔ کیا پاکستان کی عدالتیں عمران احمد نیازی کے تابع ہیں ، کیا عدالتیں عمران خان کے کہنے پر فیصلے دیتی ہیں؟ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ جب عمران احمد نیازی کہتے ہیں کہ میں این آر او نہیں دوں گا تو چیف جسٹس کو عمران خان کو سوموٹو کا نوٹس بھیجنا چاہئیے اور ان سے وضاحت طلب کرنی چاہئیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں:
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد سے ہی عمران خان نے کرپشن کے خلاف ٹھوس اقدامات کرنے اور کرپٹ مافیا کو پکڑ کر قوم کو لوٹا ہوا پیسہ ریکور کرنے کا اعلان کیا تھا اور اپنے کئی بیانات میں کہا تھا کہ وہ کسی صورت نہ تو کسی کو ڈھیل دیں گے ، نہ ہی کسی کے ساتھ کوئی ڈیل کریں گے اور نہ ہی کسی کو این آر او دیں گے۔ عمران خان کے این آر او دینے کی بات پر ان کو اب تک مسلم لیگ ن کی جانب سے کافی مرتبہ تنقید کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ جبکہ اب احسن اقبال نے چیف جسٹس سے عمران خان کے خلاف اس بیان کی بنیاد پر سوموٹو لینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات