سرفراز کو دوبارہ ٹی ٹونٹی کپتان بنانے کی باز گشت سنائی دینے لگی

ایم ڈی پی سی بی وسیم خان اور سابق کپتان کے مابین صلح کروادی گئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 13 نومبر 2019 14:50

سرفراز کو دوبارہ ٹی ٹونٹی کپتان بنانے کی باز گشت سنائی دینے لگی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13نومبر 2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے یو ٹرن کی پالیسی کو اپناتے ہوئے ٹی ٹونٹی کی کپتان دوبارہ سرفراز احمد کو دینے کا فیصلہ کرلیاہے ۔مقامی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اگلے سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں سرفراز احمد ہی پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے جس کے لئے سرفراز احمد کو گرین سگنل مل گیا، ایم ڈی پی سی بی وسیم خان اور سرفراز احمد کے درمیان کپتانی سے استعفیٰ دینے کے معاملہ پر جو تلخ کلامی ہوئی تھی، اس معاملے میں دونوں کے ایک برطانوی دوست نے صلح صفائی کراکے معاملہ طے کرادیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق سرفراز احمد نے بھی ایم ڈی وسیم خان سے ہونیو الی تلخی کی معذرت کرلی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق سے بیٹنگ کوچ کا عہدہ واپس لے کر کسی نئے بیٹنگ کوچ کویہ ذمہ داری دی جائے تاکہ مصباح الحق سے اضافی بوجھ کم کیا جائے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کی بی ٹیم کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں قومی ٹیم کی وائٹ واش شکست کے بعد سرفراز احمد سے تینو ں فارمیٹس کی قیادت واپس لینے کا اعلان کردیا تھا جس پر کرکٹ بورڈ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔