سمیڈا کا نیا منصوبہ نیشنل بزنس ڈویلپمنٹ پروگرام ، ایس ایم ایز کیلئے کیپیسٹی بلڈنگ پروگرام کا افتتاح کر دیا گیا

بدھ 13 نومبر 2019 16:57

سمیڈا کا نیا منصوبہ نیشنل بزنس ڈویلپمنٹ پروگرام ، ایس ایم ایز کیلئے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2019ء) سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فواد ربانی نے سمیڈا کے نئے منصوبے نیشنل بزنس ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ایس ایم ایز کیلئے سال 2019-20 کے سب سے بڑے کیپیسٹی بلڈنگ پروگرام کا افتتاح کر دیا جس سے وفاقی دارالحکومت ، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتسان سمیت تمام صوبوں میںچھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں اور صنعتوں کو یکساں فروغ ملے گا،اس سلسلے میں سمیڈا کے صدر دفتر میں منعقدہ افتتاحی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے سمیڈا کے جنرل منیجر اور این ڈی بی پی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر راجہ حسنین جاوید نے بتا یاکہ مذکورہ پروگرام کے تحت ملک بھر کی ایس ایم ایز کو ہنڈ ہولڈنگ اور کیپیسٹی بلڈنگ پر مبنی سیمیناروں اور ورکشاپوں میںشرکت کے مواقع فراہم کئے جائیں گے نیز اس پروگرام کے تحت وزیر اعظم پاکستان کی کامیاب جوان سکیم سے استفادہ کرنے والے نوجوانوں کو بھی کاروباری ٹریننگ دی جائے گی، پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بتایاکہ مذکورہ پروگرام میںرواں مالی سال کے دوران 15000 سے زائد ایس ایم ایز کی تعمیر استعداد کیلئے 600 تربیتی پروگرام منعقد کئے جائیں گے جس کیلئے ایک عمدہ مسابقتی عمل کے توسط سے پیشہ ور تربیت کی فراہمی کے بہترین اداروں اور ماہرین کا انتخاب کیا گیا ہے، مقررہ تربیتی پروگراموں میں اکائونٹنگ، بک کیپنگ، کاسٹ مینجمنٹ ، امپورٹ ایکسپورٹ اور کاروبار شروع کرنے کے لوازمات سمیت تمام کاروباری موضوعات شامل ہیں، مذکورہ پروگراموں میں شرکت کرنے کے خواہاں افراد کیلئے رجسٹریشن کا ایک آن لائن نظام متعار ف کروایا گیا ہے جس کے تحت ہرکوئی اپنی دلچسپی کے تربیتی پروگرام میں شرکت کیلئے اپنی رجسٹریشن کروا سکتا ہے ،یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس پروگرام کے تحت منعقدہ ہونے والے ان تمام تربیتی پروگراموں پر حکومت پاکستان کی طرف سے بھاری سبسڈی دی گئی ہے جو بعض پروگراموں میں سو فیصد تک بھی ہے۔