وزیر اعلیٰ پنجاب کا ذیابیطس سے بچائو و علاج معالجے بارے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

بدھ 13 نومبر 2019 18:27

وزیر اعلیٰ پنجاب کا ذیابیطس سے بچائو و علاج معالجے بارے آگاہی کے عالمی ..
لاہور۔13 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ذیابیطس سے بچائو اور علاج معالجے کے حوالے سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دنیا سمیت پاکستان میں کچھ عرصے سے ذیابیطس کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ذیابیطس کے مرض کو کنٹرول میں رکھنے اوراس سے بچاؤ کیلئے احتیاط سب سے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔

ذیابیطس کی بروقت تشخیص اور علاج نہ ہونے کے باعث انسانی جسم کو دیگر پیچیدگیوں کا بھی سامناکرنا پڑ سکتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ذیابیطس کے مرض میں پرہیز کی خصوصی اہمیت ہے بلکہ یہ علاج کا اہم ترین حصہ ہے اور متوازن غذا کے استعمال،باقاعدگی سے سیر اور ورزش کے ذریعے اس مرض سے محفوظ ر ہا جا سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ذیابیطس کے مریضوںاورعوام کیلئے اس مرض کے حوالے سے احتیاطی تدابیرسے آگاہی انتہائی ضروری ہے اور اس مرض سے بچائو کیلئے عوام میں آگاہی مہم کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنا اہم ہے۔

ذیابیطس سے آگاہی کیلئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ سوشل میڈیا کے استعمال سے مثبت نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ ذیابیطس سے بچائو اور اس مرض کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔