کلبھوشن کو اپیل کا حق دینے سے متعلق عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کیلئے آرمی ایکٹ میں ترمیم کی خبریں غلط ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

کلبھوشن کیس میں نظرثانی سے متعلق قانونی پہلو زیر غور ہیں ، اس حوالے سے کسی بھی حتمی فیصلے کا اعلان جلد کیا جائے گا، میجر جنرل آصف غفور کا بیان

بدھ 13 نومبر 2019 18:46

کلبھوشن کو اپیل کا حق دینے سے متعلق عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2019ء) ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے واضح کیا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن کو اپیل کا حق دینے سے متعلق عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کیلئے آرمی ایکٹ میں ترمیم کی خبریں غلط ہیں۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر جنرل آصف غفور نے واضح کیا ہے کہ سزائے موت یافتہ بھارتی دہشتگرد کلبھوشن یادیوسے متعلق عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کے لئے پاک آرمی ایکٹ میں ترمیم کی قیاس آرائیاں غلط ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ کلبھوشن کیس میں نظرثانی سے متعلق قانونی پہلو زیر غور ہیں اور اس حوالے سے کسی بھی حتمی فیصلے کا اعلان جلد کیا جائے گا۔واضح رہے کہ میڈیا پر یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو ہائیکورٹ میں اپیل کا حق دینے کے لئے آرمی ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے حکومت نے ڈرافٹ بھی تیار کرلیا ہے۔