قائداعظم کے وژن کے مطابق موجودہ حکومت اقلیتی برادری کو یکساں حقوق فراہم کر رہی ہے، گورنر سندھ عمران اسماعیل

بدھ 13 نومبر 2019 20:15

قائداعظم کے وژن کے مطابق موجودہ حکومت اقلیتی برادری کو یکساں حقوق فراہم ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ قائداعظم کے وژن کے مطابق موجودہ حکومت کی جانب سے تمام اقلیتی برادری کو یکساں حقوق فراہم کئے جا رہے ہیں جبکہ پاکستان میں اقلیتی برادری کو اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کی بھی مکمل آزادی ہے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بابا گرونانک دیو جی کی 550 ویں سالگرہ کی مناسبت سے گرو نانک دربار کراچی میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں رکن قومی اسمبلی جے پرکاش، آفتاب صدیقی، رکن سندھ اسمبلی سنجے گھنگوانی، خرم شیر زمان، علی عزیز، شہزاد قریشی، سدرہ عمران اور دیگر بھی شریک تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے کرتار پور راہداری کھولنے سے ملک میں مذہبی سیاحت کو فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے جبکہ پاکستان میں تمام اقلیتی برادری کو مکمل تحفظ حاصل ہے۔

تقریب میں سردار رمیش سنگھ خالصہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو سکھ برادری بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور شکر گزار بھی ہے۔ اس کے علاوہ تقریب سے رکن قومی اسمبلی جے پرکاش اور رکن سندھ اسمبلی سنجے گھنگوانی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر پاکستان سکھ کونسل کے پیٹرن انچیف سردار رمیش سنگھ خالصہ نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو چادر اور شیلڈ پیش کی جبکہ دیگر مہمان گرامی کو تحائف بھی پیش کئے۔