گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت حیدرآباد یونیورسٹی کے قیام کے سلسلے میں بنائی گئی کمیٹی کا اجلاس

بدھ 13 نومبر 2019 20:15

گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت حیدرآباد یونیورسٹی کے قیام ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت حیدرآباد یونیورسٹی کے قیام کے سلسلے میں بنائی گئی کمیٹی کا اجلاس گورنر ہائوس میں منعقد ہوا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں رکن قومی اسمبلی صابر قائم خانی، رکن سندھ اسمبلی صلاح الدین ، میئر حیدرآباد طیب حسین، ممبرلینڈ یوٹی لائزیشن تمیز الدین، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ ایچ ای سی، سینئر جنرل منیجرکنسٹرکشن بحریہ ٹائون، ڈپٹی ڈائریکٹر حیدآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں گورنر سندھ نے کہا کہ تعلیمی ادارے کے قیام سے حیدرآباد کے نوجوانوں کو جدید تعلیم کے حصول میں آسانی پیدا ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت ملک بھر میں تعلیم کے فروغ کے لئے کوشاں ہے جبکہ بحریہ ٹائون کی جانب سے تعلیمی ادارے کے لئے زمین فراہم کرنا قابل ستائش امر ہے۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی صابر قائم خانی نے کہاکہ جدید خطوط پر آراستہ تعلیمی ادارے کا قیام حیدرآباد کا دیرینہ مطالبہ تھا جوکہ پورا ہونے جارہا ہے۔ اجلاس میں بحریہ ٹائون کے سینئر جنرل منیجر نے بتایا کہ بحریہ ٹائون تعلیمی ادارے کے قیام کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کررہی ہے۔