بے مثال انسانی خدمات پر بحرین کا اعلیٰ ترین ’’عیسیٰ ‘‘ایوارڈ ایدھی فاؤنڈیشن کے نام

فیصل ایدھی کو ایک ملین ڈالر ،خالص سونے کا تمغہ اور تعریفی اسناد بھی پیش کی گئیں

بدھ 13 نومبر 2019 22:40

ٰکراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2019ء) پاکستان کے فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کو بحرین کے سب سے معتبر ترین عیسیٰ ایوارڈ برائے خدمتِ انسانیت 2019 سے نوازا گیا ہے۔اس معتبر ایوارڈ کا نام بحرین کے مرحوم شیخ عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ کے نام پر رکھا گیا ہے جنہیں ایک عظیم حکمران اور ہمدرد انسان کے نام سے جانا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسیٰ آل خلیفہ کی جانب سے ایک عظیم الشان شاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں چیئرمین ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی کو ایک ملین ڈالر کیساتھ خالص سونے کا تمغہ اور تعریفی اسناد سے بھی نوازا گیا۔

اس تقریب کا انعقاد بحرین کے دارالحکومت منامہ میں الفتح کمپاؤنڈ کے عیسیٰ تقافتی سینٹر کے گرینڈ سیلیبریشن ہال میں کیا گیا۔کی تقریب میں عالمی شہرت یافتہ شخصیات کیساتھ ساتھ سرکاری اور کمیونیٹی کے وفود نے بھی شرکت کی۔عیسیٰ ایوارڈ برائے خدمت برائے انسانیت کی بنیاد بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے 2008 میں رکھی تھی جو کہ بین الاقوامی جیوری کی سفارشات کے بعد دیا جاتا ہے۔اس ایوارڈ کو بحرین کا سب سے بڑا ایوارڈ سمجھا جاتا ہے جو کہ انسانیت کی خدمت کرنیوالی کسی شخصیت یا ادارے کو دیا جاتا ہے۔