معیشت درست سمت میں گامزن ہے، آئی ایم ایف کے اہداف سے بڑھ کر کام کیا

ڈاکٹر رضا باقرکی پی سی ڈی ایم اے کے وفد سے بات چیت پاکستان جلد خسارے سے باہر نکل کر سرپلس میںآجائے گا، معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، امین یوسف بالا گام والا

بدھ 13 نومبر 2019 23:24

معیشت درست سمت میں گامزن ہے، آئی ایم ایف کے اہداف سے بڑھ کر کام کیا
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2019ء) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر ڈاکٹر رضا باقر نے پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن ( پی سی ڈی ایم ای) کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے ڈالر کی ایڈوانس ادائیگی پر عائد پابندی ختم کردی ہے جس کے بعد درآمدکنندگان10ہزار ڈالر تک بینکوں سے ایڈوانس ادائیگی کراسکتے ہیں۔ پی سی ڈی ایم اے سے بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے 2018 میں ایڈوانس ادائیگی پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے پی سی ڈی ایم اے کے چیئرمین وسابق ڈائریکٹر پاکستان اسٹاک ایکسچینج امین یوسف بالاگام والا کی سربراہی میں وفد سے ملاقات میں کمرشل امپورٹرزکو ایل سی کھولنے یا بینک کنٹریکٹ کے لئے 10ہزار ڈالر ایڈوانس ادائیگی پر عائد پابندی ہٹانے سے درخواست پر غور کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔

(جاری ہے)

وفد میں پی سی ڈی ایم اے کے وائس چیئرمین آصف ابراہیم، سابق چیئرمین ہارون اگر، عارف بالاگام والاودیگر شامل تھے۔

اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر ڈاکٹر رضا باقر نے کہا کہ ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے، جلد ہی معاشی طور پر بہتری دیکھنے میں آئے گی،آئی ایم ایف کے اہداف سے بڑھ کر کام کیا جو کہ بہتری کے مثبت اشارے ہیں۔ کرنسی کے اتارچڑھاؤ کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ کرنسی کا اتار چڑھاؤ مارکیٹ پر منحصر ہے جو اس کی قدر مقرر کرتی ہے تاہم مرکزی بینک بہت زیادہ اتار چڑھاؤ کی نگرانی ضرور کرتا ہے تاکہ مصنوعی تیزی کو روکا جاسکے۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے مزید کہا کہ ٹیکس اداکرنے والوں کی تعداد میں اضافے سے ہی چیزیں بہتر ہوں گی جبکہ معیشت کو دستاویزی شکل دے کر اقتصادی سرگرمیوں کو زیادہ اچھے طریقے سے فروغ دیاجاسکتا ہے نیز ایس ایم ایز کو سہولتیں دینے سے بھی معاشی سرگرمیوںمیں تیزی آئے گی۔ پی سی ڈی ایم اے کے چیئرمین وسابق ڈائریکٹر پاکستان اسٹاک ایکسچینج امین یوسف بالاگام والا نے گورنر اسٹیٹ بینک کو کمرشل امپورٹرز کو درپیش مسائل کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایل سی کھولنے اور بینک کنٹریکٹ کے لیے ایڈوانس 10ہزار ڈالر بھیجنے پر پابندی عائد ہونے سے کمرشل امپورٹرز کو بہت زیادہ مشکلات کا سامنا ہے جس کی دوبارہ اجازت دی جائے۔