کراچی ،حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں سے اہم ریاستی ادارے بھی محفوظ نہیں رہ سکے، سید مصطفیٰ کمال

جمعرات 14 نومبر 2019 00:00

کراچی ،حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں سے اہم ریاستی ادارے بھی محفوظ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2019ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئیکہا کہ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں سے اہم ریاستی ادارے بھی محفوظ نہیں رہ سکے۔ روپے کی قدر گرنے کی وجہ سے بڑی کارخانوں سے لے کر غریبوں کے گھر کا چولہا تک متاثر ہوا ہے۔ پھر بھی مسائل کے حل کی جانب حکومتی رویہ انتہائی غیر سنجیدہ ہے جو کہ وفاقی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی آرگنائزنگ کمیٹی کے زمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے، غریبوں کے گھروں کے چولہے بجھ رہے ہیں، لوگ اپنے خاندانوں کے پیٹ پالنے کے لیے بھیک مانگنے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کو چلانے والے شہر کراچی کو سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے کے باوجود ہر قسم کی سہولیات سے محروم رکھا ہوا ہے جبکہ حکومت اپنے وعدوں کی نفی کرتے ہوئے سب اچھا ہے کی رٹ لگا رہی ہے۔

حکمرانوں کو عوام کے مسائل کا ادراک تک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی ہی ان حالات میں ملک بھر کی عوام کی واحد امید ہے کیونکہ ہمیں لوگوں کے مسائل کا نا صرف ادراک ہے بلکہ تمام مسائل حل کرنے کے طریقہ کار سے واقف ہیں۔ عوام ہمارے کردار اور صلاحیتوں کا علم رکھتے ہیں، انہیں یقین ہے کہ ہم ہی پاکستان کے تمام مسائل کو حل کرسکتے ہیں۔#