Live Updates

حکومتی رہنماؤں نے بھی نواز شریف سے بانڈ بھروانے کا موقف مسترد کردیا

تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینیٹر محمد علی سیف نے اپنی ہی جماعت کے وزیر قانون فروغ نسیم کا بانڈ بھروانے کا موقف مسترد کردیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 13 نومبر 2019 23:27

حکومتی رہنماؤں نے بھی نواز شریف سے بانڈ بھروانے کا موقف مسترد کردیا
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13 نومبر 2019ء) حکومتی رہنماؤں نے بھی نواز شریف سے بانڈ بھروانے کا موقف مسترد کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے علاج کے لیے رقم کا بانڈ بھروانے کے موقف کو حکومتی رہنماؤں نے بھی مسترد کردیا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینیٹر محمد علی سیف نے اپنی ہی جماعت کے وزیر قانون فروغ نسیم کا بانڈ بھروانے کا موقف مسترد کردیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ حکومتی فیصلہ اگر عدالت میں چیلنج کیا گیا تو ہو سکتا ہے عدالت اسے مسترد کر دے۔ سینیٹر محمد علی سیف نے کہا کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) سے نام نکالنے کے لیے بانڈ بھرنے کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ فیصلہ قانونی نہیں سیاسی ہے اور اس کے نتیجے میں ایک نئی نظیر قائم کی جا رہی ہے، اس فیصلے کو کوئی قانونی یا منطقی دماغ قبول نہیں کر رہا۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عدالت میں مچلکے جمع کرا دئیے ہیں۔ضمانت ہو گئی ہے سیکیورٹی بانڈز کے نام پر کچھ نہیں ملے گا۔تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کے نمائندے عطاتارڑ نے ذیلی کمیٹی کو فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ضمانت پر دو عدالتوں میں ضمانتی کی ضرورت نہیں۔ ن لیگ کے مطابق عدالتی فیصلے کے بعد شرائط رکھنا غلط ہے۔

حکومت نے حد سے تجاوز کیا۔ خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے میاں نوازشریف کے علاج کے لیے بیرون ملک جانے کے حوالے سے گیند شریف خاندان کے کورٹ میں ڈال دی تھی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصددارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا قبل ازیں کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس وزیر قانون فروغ نسیم کی زیر صدارت ہوا جس میں نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی اجلاس میں شریک ہوئے. نیب کے نمائندے نے اجلاس کے دوران موقف اختیار کیا کہ نوازشریف کو دی جانے والی سزاﺅں میں جو جرمانے ہوئے ہیں ان کی ادائیگی کی جائے اور اس بات کی گارنٹی دی جائے کہ مجرم مقررہ وقت پر علاج کے بعد وطن واپس آئیں گے .
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات