ارب پتی تاجر بھنگ کی کاشت کرنے پر گرفتار

کینیڈیا کے تاجر کو ذاتی جزیرے پر بھنگ کی کاشت کرنے پر گرفتار کیا گیا

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 14 نومبر 2019 06:42

ارب پتی تاجر بھنگ کی کاشت کرنے پر گرفتار
اوٹاوا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 نومبر2019ء)   نشہ کوئی بھی ہو ہر ملک میں پابندی کے مراحل سے گزرتا ہے تاہم دنیا کے کچھ ممالک میں نشے کی کچھ اقسام کی قانونی طور پر اجازت ہے جبکہ بعض نشے سرعام یا چھپ کر بھی بیچنے پر پابندی ہے۔کینیڈا میں کچھ نشے کرنے کی اجازت ہے مگر بھنگ ایسا نشہ ہے جس کے حوالے سے انہوں نے گزشتہ سال قانون سازی کی تھی اور ترمیم کے مطابق کینیڈا میں بھنگ استعمال تو کر سکتے ہیں مگر بڑے پیمانے پر اس کی کاشت اور خریدوفروخت نہیں کر سکتے۔

تاہم ایک شخص کو اسی الزام میں اب کینیڈا پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ کینیڈا میں ارب پتی بزنس مین گائی لیلیبرٹی کو اپنے ذاتی جزیرے پر بھنگ اگانے اور فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے بزنس مین اور انٹرٹینمنٹ کمپنی کے بانی گائی لیلیبرٹی کو پولینیسیا میں اپنے ذاتی جہاز سے اترنے کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہیں جنوبی پیسیفک میں اپنے ذاتی جزیرے میں ممنوعہ بھنگ کاشت کرنے اور کاروباری مقاصد میں استعمال کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔ادھر گائی لیلیبرٹی کی کمپنی لیون راوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کاشت کی گئی بھنگ کو صرف طبی اور ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس حوالے سے پولیس کے لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔

گائی لیلیبرٹی نے بھی خود پر لگائے گئے الزامات کی تردید کی ہے۔جبکہ پولیس نے چند ہفتے قبل لیلیبرٹی کے ساتھ کام کرنے والے ایک شخص سے منشیات اگانے کے شک میں پوچھ گچھ کی تھی کیونکہ ان کے موبائل فون میں بھنگ کی کاشت کی تصاویر موجود تھیں۔ کینیڈا میں بھنگ کا استعمال گزشتہ سال قانونی قرار دیا جا چکا ہے تاہم بھنگ کی کاشت اور کاروباری مقاصد کے لیے استعمال پر اب بھی پابندی عائد ہے۔مگر لوگ چوری چھپے اب بھی کاشت کرتے ہیں جس کے لیے پولیس سختی کیے ہوئے ہیں اور ایسے لوگوں کو قرار واقعی سزائیں دی جاتی ہیں۔