Live Updates

مولانا فضل الرحمن نے دھرنے کے 2 مقاصد حاصل کر لیے

مولانا فضل الرحمن کی دھرنے کے حوالے سے نواز شریف نے اچھی خاصی مدد کی تھی،افغانستان سے بھی کچھ مدد ملی۔ عارف حمید بھٹی کا دعویٰ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 14 نومبر 2019 10:57

مولانا فضل الرحمن نے دھرنے کے 2 مقاصد حاصل کر لیے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 نومبر2019ء) سینئیر صحافی عارف حمید بھٹی کا کہنا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے دھرنے سے اپنے مقاصد حاصل کر لیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز مولانا فضل الرحمن نے اسلام آباد سے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔اسی پر تجزیہ پیش کرتے ہوئے عارف حمید بھٹی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن نے دھرنے کا مقصد حاصل کرلیا۔

مولانا فضل الرحمن کے دھرنے کے دو مقاصد تھے جو حاصل ہو گئے۔انہوں نے کہا نواز شریف نے مولانا فضل الرحمن کی خاصی مدد کی ہے اس کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی ان کی مدد کی۔افغانستان سے بھی مولانا کو مدد ملی ہو گی وہ کس طریقے سے ملی اس پر میں نہیں جانا جاتا.عارف حمید بھٹی نے مزید کہا کہ عمران خان کئی بار کہہ چکے ہیں کہ میں نواز شریف سے لوٹا ہوا پیسہ واپس لوں گا،انہیں جانے نہیں دوں گا،جب کہ اب حکومت انہیں خود کہہ رہی ہے کہ آپ چلے جائیں۔

(جاری ہے)

سیکیورٹی بانڈز تو ایک فارمیلٹی ہے جس سے حکومت اپنی عزت بچانا چاہتی ہے۔ عارف حمید بھٹی نے مزید کہا کہ مولانا کو افغانستان کے معاملے پر بھی گارنٹی دی گئی ہے کہ آپ ابھی چلے جائیں آئندہ آپ کو افغانستان اور طالبان والے معاملے میں اہمیت دی جائے گی۔خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیے جانے کے بعد اس حوالے سے وزارت داخلہ نے باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق نواز شریف کو علاج کیلئے 4 ہفتے کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت ہوگی۔ تاہم نواز شریف گارنٹی کے طور پر رقم جمع کروائے بنا بیرون ملک نہیں جا سکتے۔ وزارت داخلہ کے نوٹیفیکیشن میں سابق وزیر اعظم کو ہدایت کی گئی ہے کہ 80لاکھ پاونڈ،2کروڑ50لاکھ امریکی ڈالریا اس کے مساوی روپے جمع کروا کر بیرون ملک چلے جائیں۔ تاہم انہیں 4 ہفتے بعد پاکستان واپس آنا ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات