ہیلتھ انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کا مقصد نادار اور مستحق مریضوں کو بڑے ملک کے ہسپتالوں میں علاج و معالجے کے مفت اور بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے، حافظ حفیظ الرحمن

جمعرات 14 نومبر 2019 12:52

ہیلتھ انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کا مقصد نادار اور مستحق مریضوں کو بڑے ملک ..
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے صوبائی سیکرٹری صحت کوہدایت کی ہے کہ ہیلتھ انڈومنٹ فنڈ سے جلد از جلد نادار اور مستحق مریضوں کے علاج و معالجے کیلئے تمام بڑے ہسپتالوں کیساتھ معاہدے کئے جائیں۔ ہیلتھ انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کا مقصد نادار اور مستحق مریضوں کو بڑے ملک کے ہسپتالوں میں علاج و معالجے کے مفت اور بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ ہیلتھ انڈومنٹ فنڈ کے استعمال کیلئے ہسپتالوں کیساتھ معاہدے اور پالیسی میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ صوبے میں غریب، نادار اور مستحق مریض جن کا علاج گلگت بلتستان میں نہیں ہوسکتا وسائل نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن کو سیکرٹری صحت نے محکمے کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی اس موقع پروزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سابق وفاقی حکومت اور مسلم لیگ (ن) کی سابق پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے گلگت بلتستان کے مستحق مریضوں کے علاج و معالجے کیلئے کروڑوں روپے فراہم کئے، محکمہ صحت کو انڈومنٹ فنڈ کی مد میں خطیر رقم فراہم کی جاچکی ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے میں بڑے اصلاحات کی ہیں جس کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، صوبے میں پانچ سو سے زائد ڈاکٹرز خدمات سرانجام دے رہے ہیں، ہسپتالوں میں سٹاف کی کمی کو دور کرنے کیلئے سپیشل پے سکیل کے تحت ملازمین کے بھرتیوں کی منظور ی دی جاچکی ہے ۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے سیکریٹری صحت کو ہدایت کی ہے کہ ہسپتالوں میں جنرل نرسوں کی کمی دور کرنے کیلئے جنرل نرس کی آسامیوں پر کنٹریکٹ میں بھرتیاں عمل میں لائی جائے۔