دس سال بعد ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو میچز دسمبر میں کھیلے جائیں گے، قومی کرکٹ کیلئے ایک شاندار خبر ہے، طویل فارمیٹ کی سیریز کیلئے ٹیم پاکستان بھجوانے پر سری لنکا کرکٹ بورڈ کے مشکور ہیں، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ (پی سی بی) ذاکر خان

جمعرات 14 نومبر 2019 13:07

دس سال بعد ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) 10 سال بعد ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو میچز دسمبر میں راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 11 سے 15 دسمبر تک پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

ابتدائی طور پر سری لنکا کو دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز اکتوبر میں کھیلنا تھی تاہم مہمان ٹیم نے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کی غرض سے دسمبر میں شیڈول پاکستان کے خلاف محدود فارمیٹ کی سیریز کو ٹیسٹ سیریز سے تبدیل کردیا تھا۔ پاکستان میں ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے کامیاب انعقاد کے بعد سری لنکا کرکٹ بورڈ نے فیوچر ٹور پروگرام میں شامل دسمبر میں ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کی تصدیق کر دی ہے۔

(جاری ہے)

سیریز کے دوران سیکورٹی کے بہترین انتظامات اور شائقین سے کھچا کھچ بھرے سٹیڈیم کی صورت میں ملک کی مجموعی سیکورٹی صورتحال اور کرکٹ سے محبت کرنے والی عوام کا جنون دیکھا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کا کہنا ہے کہ یہ قومی کرکٹ کیلئے ایک شاندار خبر ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان بھی ایک محفوظ ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ طویل فارمیٹ کی سیریز کیلئے ٹیم پاکستان بھجوانے پر سری لنکا کرکٹ کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیریز ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی سے متعلق پی سی بی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے جس سے انہیں نوجوان نسل کو کھیل کی طرف راغب کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دینے کے بعد اب معیاری انتظامات کی تیاری کا آغاز کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی اس سیریز کو یادگار بنانے کیلئے کرکٹرز، آفیشلز، میڈیا اور عوام کیلئے انتظامات میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔ سری لنکا کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ایشلے ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ وہ دوبارہ پاکستان کے دورے کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یقین ہے کہ پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کیلئے کنڈیشنز سازگار ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ وہ تمام ممالک کو ہوم سیریز انہی کے وطن میں کھیلنے کے حامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں بین الاقومی کرکٹ کی مکمل بحالی میں اپنا کردار ادا کرنے پر مسرور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں پاکستان ایک قابل فخر تاریخ رکھتا ہے، جس نے ابتدائی ایام میں سری لنکا کرکٹ کی بہت مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کرکٹ ٹیم نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اپنی پہلی سیریز نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی جو برابر رہی جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا سے واپسی پر سری لنکا کے مدمقابل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں سخت مقابلہ ہوگا جہاں شائقین کرکٹ کو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔