پاکستان، سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہوم کراوٴڈ کے سامنے کھیلے گا

10 سال بعدملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو میچز دسمبر میں راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے جائیں گے

جمعرات 14 نومبر 2019 13:41

پاکستان، سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہوم کراوٴڈ کے سامنے کھیلے گا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 نومبر2019ء) 10 سال بعدملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو میچز دسمبر میں راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 11 سے 15 دسمبر تک پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔


ابتدائی طور پر سری لنکا کودو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز اکتوبر میں کھیلنا تھی تاہم مہمان ٹیم نے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کی غرض سے دسمبر میں شیڈول پاکستان کے خلاف محدود فارمیٹ کی سیریز کو ٹیسٹ سیریز سے تبدیل کردیا تھا۔
پاکستان میں ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے کامیاب انعقاد کے بعد سری لنکا کرکٹ نے فیوچر ٹور پروگرام میں شامل دسمبر میں ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کی تصدیق کی ہے۔

(جاری ہے)

سیریز کے دوران سیکورٹی کے بہترین انتظامات اور شائقین سے کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم کی صورت میں ملک کی مجموعی سیکورٹی صورتحال اور کرکٹ سے محبت کرنے والی عوام کا جنون دیکھا گیا۔
ذاکر خان، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی:
پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کا کہنا ہے کہ یہ قومی کرکٹ کے لیے ایک شاندار خبر ہے جو اس بات کا ثبوت ہیکہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان بھی ایک محفوظ ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ طویل فارمیٹ کی سیریز کے لیے ٹیم پاکستان بھجوانے پر سری لنکا کرکٹ کے مشکور ہیں۔ ذاکر خان نے کہا کہ یہ سیریز ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی سے متعلق پی سی بی کی کاوشوں کا نتیجہ ہیجس سے انہیں نوجوان نسل کو کھیل کی طرف راغب کرنے میں مدد ملے گی۔
ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دینے کے بعد اب معیاری انتظامات کی تیاری کا آغاز کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی اس سیریز کو یادگار بنانے کے لییکرکٹرز، آفیشلز، میڈیا اور عوام کے لیے انتظامات میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔
ایشلے ڈی سلوا، چیف ایگزیکٹو سری لنکا کرکٹ:
سری لنکا کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ایشلے ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ وہ دوبارہ پاکستان کے دورے کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یقین ہے کہ پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کے لیے کنڈیشنز سازگار ہوں گی۔


ایشلے ڈی سلوا نے کہا کہ وہ تمام ممالک کو ہوم سیریز انہی کے وطن میں کھیلنے کے حامی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں بین الاقومی کرکٹ کی مکمل بحالی میں اپنا کردار ادا کرنے پر مسرور ہیں۔ چیف ایگزیکٹو سری لنکا کرکٹ نے کہا کہ کرکٹ میں پاکستان کی ایک قابل فخر تاریخ رکھتا ہے، جس نے ابتدائی ایام میں سری لنکا کرکٹ کی بہت مدد کی۔
ایشلے ڈی سلوا نے کہا کہ سری لنکا کرکٹ ٹیم نے ورلڈٹیسٹ چیمپئن شپ میں اپنی پہلی سیریز نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی جو برابر رہی جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا سے واپسی پر سری لنکا کے مدمقابل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں سخت مقابلہ ہوگا جہاں شائقین کرکٹ کو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
شیڈول:
11تا 15 دسمبر: پہلا ٹیسٹ میچ بمقام پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی
19تا23 دسمبر: دوسرا ٹیسٹ میچ بمقام نیشنل اسٹیڈیم کراچی