برآمدکنندگان کے لئے 200 ارب روپے کے قرضوں کا اعلان خوش آئند ہے،میاں نعیم احمد

جمعرات 14 نومبر 2019 14:28

برآمدکنندگان کے لئے 200 ارب روپے کے قرضوں کا اعلان خوش آئند ہے،میاں ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) پاکستان ہوزری مینو فیکچر رز اینڈ ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن نارتھ زون کے چیئر مین میاں نعیم احمد نے حکومت کی طرف سے برآمدکنندگان کو 200ارب روپے کے قرضے اور 30ارب روپے کے کیش ریفنڈزکی ادائیگی کے اعلان کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ اقدام سے نہ صرف ملکی برآمدات میں اضافہ بلکہ بیروزگاری میں بھی واضح کمی ہو گی۔

جمعرات کے روز اے پی پی سے بات چیت کے دوان انہوںنے کہاکہ ریفنڈز کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ایکسپورٹرز پہلے ہی شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں جس سے ان کے ایکسپورٹ آرڈرز متاثر ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ایف بی آر کے نئے فاسٹر سسٹم کے تحت ایکسپورٹرز کو ان کے سیلز ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی کلیمز داخل کرنے کے 72گھنٹوں میں کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی مگر اس پر عمل درآمد نہیں ہورہا اور اس مد میں حکومت کے پاس ایکسپورٹرز کی4مہینوں جولائی،اگست،ستمبر،اکتوبرکے تقریباً 40ارب روپے کے ریفنڈ کلیمز ادائیگی کیلئے التوا ء کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ حکومت ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کے سیلز ٹیکس ریفنڈز کے کلیمز کی فوری اور بروقت ادائیگیاں نئے خودکار فاسٹر سسٹم کے تحت یقینی بنائے یا پھردیگر پانچ بڑے ایکسپورٹ سیکٹرز کیلئے سابقہ زیرو ریٹنگ سیلز ٹیکس نو پیمنٹ نو ریفنڈ کا نظام بحال کیا جائے تاکہ ایکسپورٹرز مزید پریشانی سے بچ سکیں۔انہوںنے مزید کہا کہ جن ایکسپورٹرز نے کرسمس اور نیو ایئر کے بین الاقوامی برآمدی آرڈرز حاصل کرنے میں کامیابی پائی ہے انہیں مذکورہ آرڈرز کی بر وقت تکمیل کیلئے ہفتہ کے ساتوں روز 24گھنٹے تواتر کے ساتھ مسلسل فل پریشر کے ذریعے گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے اورہر قسم کی پاور لوڈ مینجمنٹ ختم کی جائے تاکہ بر وقت آرڈرز تیار کر کے سپلائی کرتے ہوئے نہ صرف ملک و قوم کیلئے قیمتی زر مبادلہ حاصل کیا جا سکے بلکہ حکومت کے برآمدی اہداف پورے کرنے میں بھی مدد مل سکے۔

متعلقہ عنوان :