نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ رکنیت مہم کے مرحلہ میں رقوم جمع کروانے والے ممبران اپارٹمنٹس کے منصوبوں سے مستفید ہونے کے حقدار ہوں گے‘ پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر 50 فیصد، عمر وار ترجیحی بنیادوں پر50 فیصد مساویانہ طور پر اپارٹمنٹس کی پیشکش کی جائے گی

وفاقی وزیر مکانات و تعمیرات چوہدری طارق بشیر چیمہ کا قومی اسمبلی میں جواب

جمعرات 14 نومبر 2019 14:47

نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ رکنیت مہم کے مرحلہ میں رقوم جمع کروانے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) وفاقی وزیر مکانات و تعمیرات چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ کے تحت رکنیت کی مہم کے مرحلہ میں جن ممبران نے رقوم جمع کروائیں اور واپس نہیں لیں اپارٹمنٹس کے منصوبوں سے مستفید ہونے کے حقدار ہوں گے‘ پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر 50 فیصد اور عمر وار ترجیحی بنیادوں پر 50 فیصد مساویانہ طور پر اپارٹمنٹس کی پیشکش کی جائے گی۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شیر اکبر خان کے سوال کے جواب میں وزیر برائے مکانات و تعمیرات چوہدری طارق بشیر چیمہ نے بتایا کہ سرکاری رہائش کی الاٹمنٹ ہارڈ شپ بنیاد پر کی جاتی ہے تاہم رہائش کی تبدیلی کی الاٹمنٹ کی جاتی ہے۔ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران 1157 الاٹمنٹس کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

منورہ بی بی بلوچ کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ کے تحت رکنیت کی مہم کے مرحلہ میں جن ممبران نے رقوم جمع کروائیں اور واپس نہیں لیں، وہ اپارٹمنٹس کے منصوبوں سے مستفید ہونے کے حقدار ہوں گے۔

پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر 50 فیصد اور عمر وار ترجیحی بنیادوں پر 50 فیصد مساویانہ طور پر اپارٹمنٹس کی پیشکش کی جائے گی۔ شیر اکبر خان کے سوال کے جواب میں طارق بشیر چیمہ نے بتایا کہ گرین ٹری پرائیویٹ لمیٹڈ کا پی ای سی سرٹیفکیٹ 30 جون 2020ء تک ہے۔ شیر اکبر خان کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ بہارہ کہو ہائوسنگ سکیم اور پارک روڈ ہائوسنگ سکیم ایک ساتھ شروع نہیں کی گئی۔

بہارہ کہو ہائوسنگ سکیم 2009ء میں شروع ہونے والی رکنیت سازی مہم پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر رجسٹرڈ ممبران کے لئے ہے جبکہ پارک روڈ ہائوسنگ سکیم 2005ء میں شروع ہونے والی رکنیت سازی مہم۔ II عمر کے لحاظ سے ہے۔ پارک روڈ سکیم میں اراضی کے حصول سے متعلق سپریم کورٹ آف پاکستان میں جاری مقدمات کے باعث الاٹمنٹ کا عمل رکا ہوا ہے۔ رکنیت سازی کی فیس پلاٹ کی قیمت کی آخری قسط کے ساتھ ایڈجسٹ کی جاتی ہے۔