Live Updates

نواز شریف نے بیرون مُلک نہ جانے کا اصولی فیصلہ کر لیا

ذرائع کے مطابق اگر عدالت سے ریلیف نہ مِلا تو نواز شریف علا ج کے لیے مُلک سے باہر نہیں جائیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 14 نومبر 2019 14:38

نواز شریف نے بیرون مُلک نہ جانے کا اصولی فیصلہ کر لیا
اسلا م آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14نومبر 2019ء) میڈیا ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر انہیں بیرونِ مُلک جانے کے لیے عدالت کی جانب سے ریلیف نہ دیا گیا تو وہ علاج کے لیے باہر جانے کی بجائے ملک میں ہی رہنے کو ترجیح دیں گے۔ حکومت کی جانب سے نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کے لیے ضمانتی بانڈز جمع کرانے کی شرط نے صورتِ حال میں پیچیدگی پیدا کر دی ہے۔

اس حوالے سے نواز شریف کے خاندان اور لیگل ٹیم نے سر جوڑ لیے ہیں جبکہ نواز شریف کی صحت مسلسل بگڑتی جا رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے فیصلہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے نواز شریف کی بیرونِ ملک روانگی کی اجازت کو ضمانتی بانڈز سے مشروط کرنے کے فیصلے کے خلاف آج ہی عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ن لیگ کی درخواست تیار جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کے لیے ایڈووکیٹ امجد پرویز لاہور ہائی کورٹ میں شہباز شریف کی ایماء پر درخواست دائر کریں گے۔

اگر عدالت نے نواز شریف کو غیر مشروط طور پر بیرون ملک علاج کے لیے جانے کی اجازت دی تو وہ باہر چلے جائیں گے۔ تاہم اگر عدالت کی جانب سے انہیں ریلیف نہ دیا گیا تو وہ بیرونِ ملک نہیں جائیں گے۔نواز شریف نے اس فیصلے سے خاندان کے دیگر افرا د کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ نواز شریف بیرون ملک جانے کے لیے راضی نہیں تھے، تاہم وہ اپنی والدہ، بیٹی اور بھائی شہباز شریف کی جانب سے اصرار کرنے پر راضی ہو گئے تھے۔ ان کے اہلِ خانہ اُن کی مسلسل بگڑتی ہوئی صحت پر خاصے پریشان ہیں۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات