پنجاب حکومت کا سموگ کے باعث سکولوں میں 2 چھٹیوں کا اعلان

سکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ سموگ کی شدت کے باعث کیا گیا، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں دوروز کے لیے سکول بند رہیں گے۔ترجمان پنجاب حکومت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 14 نومبر 2019 16:13

پنجاب حکومت کا سموگ کے باعث سکولوں میں 2 چھٹیوں کا اعلان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 نومبر2019ء) پنجاب حکومت نے سموگ کے باعث سکولوں میں 2چھٹیوں کا اعلان کردیا ہے، سکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ سموگ کی شدت کے باعث کیا گیا، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں دوروز کے لیے سکول بند رہیں گے۔ ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق وزیرتعلیم پنجاب کی ہدایت پر محکمہ تعلیم پنجاب نے سکولوں میں سموگ کے باعث 2 چھٹیوں کا اعلان کردیا ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ سکولوں میں دو چھٹیوں کا اعلان سموگ میں شدت کے باعث کیا گیا ہے۔ سکولوں میں جمعہ اور ہفتہ کے روز 2 چھٹیوں کا اطلاق پنجاب کے تین شہروں لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں ہوگا۔
واضح رہے گزشتہ روز بدھ کو اور آج سموگ نے لاہور شہرکو اپنی لپیٹ میں لیے رکھا۔

(جاری ہے)

جس کے نتیجے میں لاہور کے شہریوں میں گلے اور آنکھوں کے امراض میں اضافہ ہوگیا ہے۔

جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس 300 سے 436 تک ریکارڈ کیا گیا۔ 300 سے زائد ایئر کوالٹی انڈیکس سموگ کی خطرناک صورتحال میں شمار ہوتا ہے۔ تاہم آج ہلکی بارش کے باعث لاہور میں کچھ مطلع صاف ہوا ہے۔ لیکن اس کے باوجود سموگ کے باعث لوگوں کا گھروں سے باہر نکلنا محال ہوگیا ہے۔ اسی طرح حکومت نے رواں ماہ میں سموگ کے خدشات کے پیش نظر عوامی آگاہی کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کرلی ہے۔

سموگ کے انسانی صحت پر ہونے والے اثرات سے بچاؤ کے لئے ضروری ہے کہ بہت زیادہ مشروبات سے اجتناب کیا جائے۔ جب سموگ کے اثرات ظاہر ہو رہے ہوں تو شہری بازاروں اور پارکوں میں غیرضروری طور پر جانے سے گریز کریں۔ یہ بات چیف ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی ڈاکٹر سہیل احمد نے محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں سموگ آگاہی مہم کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا- ڈاکٹر سہیل احمد نے کہا کہ شہریوں کو چاہیئے کہ اپنی گاڑیوں کا معائنہ کرائیں اور اگر گاڑیاں دھواں دے رہی ہوں تو ان کی فوری مرمت کا انتظام کریں۔

انہوں نے کہا کہ سموگ کے سیزن میں گھر کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی آگاہی مہم کے لئے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کا بھی بھرپور استعمال کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں خصوصی آگاہی سیمینارز منعقد کئے جائیں اور سموگ کے سیزن کے دوران چوراہوں اور سڑکوں پر آگاہی بینرز بھی آویزاں کئے جائیں۔