خدا نخواستہ نواز شریف کو کچھ ہو گیا تو کیا کابینہ اس کی ذمہ داری لے گی ‘ سردار لطیف کھوسہ

نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کیلئے 7ارب کے بانڈز کی شرط قطعاً جائز نہیں

جمعرات 14 نومبر 2019 16:29

خدا نخواستہ نواز شریف کو کچھ ہو گیا تو کیا کابینہ اس کی ذمہ داری لے گی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2019ء) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق گورنر سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ کابینہ کی جانب سے نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کیلئے 7ارب روپے کے بانڈز کی شرط قطعاً جائز نہیں ،پاکستان کی 72سالہ تاریخ میں اس سے پہلے کبھی اس طرح کی شرط سامنے نہیں آئی ، حکومت ہوش کے ناخن لے اور اس شرط کو واپس لے کر نواز شریف کو علاج کے لئے بیرون ملک جانے دے ۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے پہلے بڑا فراخدلی کا مظاہرہ کیا اور ہر سہولت دینے کا کہا اورپھر ایسی شرط رکھ دی جسے عقل تسلیم نہیں کرتی ۔ چوہدری شجاعت منجھے ہوئے ہوئے سیاستدان ہیں اور انہوں نے حکومت کو درست مشورہ دیا ہے کہ اپنے ماتھے پر ایسا داغ نا لے جو کبھی نا مٹ سکے ۔حکومت ہوش کے ناخن لے اورنواز شریف پر لگائی گئی شرط ختم کرے ،ضد بازی سے حکومتیں نہیں چلا کرتیں۔

اس وقت نواز شریف کا ایک ایک لمحہ قیمتی ہے جیسے ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ا نہوںنے کہاکہ فروغ نسیم خود کو بڑے قانون دان کہتے ہیں ناجانے وہ کہاں سے اس شرط کو لے آئے ہیں جبکہ عدالتوں نے ضمانت کیساتھ ساتھ مچلکے لیے ہیں ۔اگر خدانخواستہ نواز شریف کو کچھ ہو گیا تو کیا اس کی ذمہ داری کابینہ لے گی ۔