ہولی فیملی روڈ کی ازسرنو تعمیرکا مطالبہ

جمعرات 14 نومبر 2019 17:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) گورنمنٹ کالج روڈ اصغر مال، محلہ راجہ سلطان اور ہولی فیملی روڈ سے ملحقہ آبادیوں کے مکینوں نے میونسپل کارپوریشن راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ خستہ حال سڑک کی ازسر نو تعمیر کی جائے یا کم ازکم جلد مرمت کی جائے ۔علاقہ مکینوں نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہولی فیملی روڈ کی مرمت کاکام کئی برس قبل کیا گیا تھا جس کے بعد یہ سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی تاھم ایم سی آر حکام نے مذکورہ سڑک کی مرمت کی جانب کوئی توجہ نہیں دی ۔

مقامی رہائشی مظہر شاہ نے قومی خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ سڑک کو ہولی فیملی ہسپتال میں دور دراز سے آنے والے مریضوں کی اکثریت استعمال کرتی ہے تاھم سڑک پر پڑے گڑھے کار سوار وں کے لیے شدید مشکلات کا باعث ہیں ۔

(جاری ہے)

جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کی شکار سڑک کی وجہ سے آئے روز حادثات بھی رونماء ہوتے ہیں ۔شہریوں نے میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کے حکام سے مطالبہ کیا کہ ہولی فیملی روڈ کی جلد از جلد مرمت کی جائے ۔

مقامی دکاندار ملک علی نے بتایاکہ ٹوٹ پھوٹ کی شکار ہولی فیملی روڈ پر خصوصاً رش کے اوقات میں سفر کرنا تقریباً نا ممکن ہو چکا ہے ۔اسی طرح سید پور سکیم اور سیٹلائٹ ٹائون ای بلاک کے مکینوں نے بھی اس سڑک کی جلد مرمت کا مطالبہ کیاا ور کہاکہ یہ سڑک دیگر ملحقہ علاقوں کے لیے بھی مرکزی رابطہ سڑک ہے تاھم سڑک کی عدم مرمت کے باعث شہریوں کو شدید ترین مشکلات لاحق ہیں ۔

متعلقہ عنوان :