پاکستان ریلوے کی ’’سفاری ٹرین ‘‘17نومبر کو اپنا سفر شروع کرے گی

جمعرات 14 نومبر 2019 17:13

پاکستان ریلوے کی ’’سفاری ٹرین ‘‘17نومبر کو اپنا سفر شروع کرے گی
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) پاکستان کی ثقافتی خوبصورتی کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لیے پاکستان ریلوے کی ’’سفاری ٹرین ‘‘17نومبر کو اپنا سفر شروع کرے گی ۔سرکاری خبر رساں ادارے کو دستیاب معلومات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ہدایات پر پاکستان ریلوے نے سیاحت کے فروغ اور پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے پاکستان ریلوے راولپنڈی ڈویژن میں ہفتہ وار بنیادوں پرراولپنڈی سے ٹیکسلا اور اٹک خورد تک ’’سفاری ٹرین ‘‘کے اجراء کے منصوبے پر کام کررہی ہے ۔

ریلوے حکام نے اے پی پی کو بتایاکہ سفاری ٹرین کا پہل اتعارفی سفر 17نومبر سے شروع ہو گا ،ابتدائی طور پر سفاری ٹرین راولپنڈی سے گولڑہ شریف، ٹیکسلا ،اٹک سٹی سے ہوتی ہوئی اٹک خورد اسٹیشن تک جائے گی ۔

(جاری ہے)

دوسرے مرحلے میں سفاری ٹرین اٹک خورد سے واپس اٹک سٹی کے راستے سے ہوتی ہوئی کنجور اور جھلار اسٹیشن تک جائے گی ۔ذرائع نے بتایاکہ تعارفی سفاری ٹرین کے پہلے سفر کے موقع پر مقامی کے ساتھ ساتھ عالمی میڈیا کو بھی مدعو کیاجائے گا ۔

سفاری ٹرین ایک ڈیزل انجن ،ایک اکانومی کلاس مسافر کوچ ،دو سٹیم انجن ،پانچ مال گاڑی بوگیوں اور دو ٹانگہ بریک وینز پر مشتمل ہو گی ۔اس حوالے سے پاکستان ریلوے راولپنڈی ڈویژن نے انتظامات کو تیزی سے حتمی شکل دینا شروع کردی ہے جبکہ ریلوے پولیس نے سفاری ٹرین کے روٹس پر سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے ہیں ۔