ْپنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کیلئے فنڈز جاری نہ ہونے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء جمع

جمعرات 14 نومبر 2019 17:13

ْپنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کیلئے فنڈز جاری نہ ہونے کیخلاف پنجاب اسمبلی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2019ء) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کیلئے فنڈز جاری نہ ہونے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرادی گئی ۔مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری کی جانب سے جمع کروائی گئی تحریک التوا کے متن میں کہاگیا ہے کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کنٹرول کے معاملے پر بیوروکریسی نے وزیراعلیٰ کے ضلع ڈی جی خان سمیت 6 نئے شہروں کے فنڈ جاری نہ کئے جس کے باعث تمام منصوبے تاخیر کا شکار ہو گئے۔

(جاری ہے)

سیف سٹیز اتھارٹی نے ڈی جی خان، تونسہ، راولپنڈی، مری، ننکانہ اور چونیاں میں لاہور کی طرز پر منصوبہ بنایا۔ محکمہ داخلہ کی عدم دلچسپی اور محکمہ خزانہ کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی سے منصوبے تاخیر کا شکار ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ضلع ڈی جی خان کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے، 4 اجلاسوں کے باوجود ایک روپیہ بھی جاری نہیں کیا گیا۔ اسی طرح دیگر علاقوں کے لئے بھی اعلانات کئے لیکن محکمہ خزانہ نے کوئی وعدہ وفا نہ کیا۔رواں مالی سال کے 5 ماہ میں محکمہ خزانہ نے تنخواہوں کی مد میں صرف 200 ملین جاری کئے۔ بیورو کریسی کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل کرنے والے منصوبے التواء کا شکار ہیں۔