Live Updates

لاہور ہائی کورٹ نے شہبازشریف کی درخواست پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کرلیا

نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کے لیے نون لیگ کے صدر نے درخواست دائر کی ہے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 14 نومبر 2019 17:11

لاہور ہائی کورٹ نے شہبازشریف کی درخواست پر وفاقی حکومت سے جواب طلب ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 نومبر ۔2019ء) لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کے لیے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی درخواست پر وفاقی حکومت سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے سماعت کو کل تک کے لیے ملتوی کردیا ہے. جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی‘نواز شریف کا نام ای ایل سی سے نکالنے کےلیے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دی گئی ہے.

(جاری ہے)

اپنی درخواست میں شہباز شریف نے وفاقی حکومت، وزارت داخلہ، وفاقی تحقیقاتی ادارہ اور چیئرمین قومی احتساب بیورو کو فریق بنایا اور موقف اپنایا کہ نواز شریف نے علاج کے لیے بیرون ملک جانا ہے لاہور ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت منظور ہو چکی ہے انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ وفاقی حکومت کو نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست دی لیکن نام ای سی ایل سے نہیں نکالا گیا.

حکومت کی جانب سے ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے شرائط رکھی جا رہی ہیں، عدالت وفاقی حکومت کو نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے بعد ازاں جسٹس مامون الرشید شیخ نے درخواست سماعت کے لیے مقرر کی جس پر جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی. واضح رہے کہ گزشتہ روز کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ نواز شریف کو 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی مشروط اجازت دے دی ہے.

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ نواز شریف یا شہباز شریف کو 7 ارب روپے کے سیکیورٹی بانڈ جمع کرانا ہوں گے جس کے بعد انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت ہوگی. انہوں نے کہا تھا کہ 2010کے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) کے قوانین اور 1981 کے آرڈیننس میں بتایا گیا ہے کہ کسی بھی سزا یافتہ شخص کو ای سی ایل سے اس وقت تک نہیں ہٹا سکتے جب تک اس کی کوئی ضمانت نہ حاصل ہو. انہوں نے مزید کہا تھا کہ نواز شریف کی طبیعت اگر ٹھیک نہ ہو تو قیام میں توسیع کی درخواست بھی دی جاسکتی ہے‘مسلم لیگ (ن) نے اپنے قائد نواز شریف کے بیرون ملک علاج کی شرط کا حکومتی فیصلہ مسترد کردیا تھا.
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات