چیئرمین سینیٹ کی نواز شریف کو فوری بیرون ملک بھیجنے کی ہدایت

آصف زرداری اور سابق وزیراعظم کی صحت کے معاملے پر کوئی سیاست نہ کرے. صادق سنجرانی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 14 نومبر 2019 17:55

چیئرمین سینیٹ کی نواز شریف کو فوری بیرون ملک بھیجنے کی ہدایت
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 نومبر ۔2019ء) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو علاج کے لئے فوری طور پر بیرون ملک بھیجنے اور ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے . تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کی صحت اوربیرون ملک جانے دینے کا معاملہ سینیٹ میں پہنچ گیا ، مسلم لیگ نون کے سینیٹر جاوید عباسی نے نقطہ اعتراض پرمعاملہ اٹھاتے ہوئے کہا نواز شریف کی صحت خراب ہے، عدالتیں ضمانت دے چکیں ، حکومتی میڈیکل بورڈ نے کہا نواز شریف کی صحت کو خطرات ہیں، نوازشریف کانام ای سی ایل سے غیر مشروط نکالا جائے .

(جاری ہے)

جاویدعباسی نے کہا کہ حکومت غیر قانونی طور پر شیورٹی بانڈ مانگ رہی ہے حکومت نئی روایات ڈال رہی ہے وقت گزر جاتا ہے حادثے یاد رہتے ہیں . چیئرمین سینیٹ نے کہا آصف زرداری اور نواز شریف معاملے پر کوئی سیاست نہ کرے، حکومت آصف زرداری، نواز شریف کو صحت کی سہولتیں فراہم کرے اور نوازشریف کو فی الفورباہر بھیجے . یاد رہے کہ ذیلی کمیٹی نے وفاقی کابینہ کے فیصلے پر قائم رہتے ہوئے نوازشریف کو بیرون ملک جانے کے لیے عائد کردہ شرائط کو برقرار رکھا تھا، کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے سربراہ فروغ نسیم نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوازشریف کو4 ہفتے کے لیے بیرون ملک جانے کی ون ٹائم اجازت ہوگی جبکہ نوازشریف یا شہبازشریف 7 ارب روپے کے سیکیورٹی بانڈزجمع کرائیں گے .

بعد ازاں مسلم لیگ نون نے حکومتی مطالبہ مسترد کردیا تھا اور ضمانتی بانڈز کی شرط کوعدالت میں چیلنج کردیا ہے جس پر لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ نے وفاقی حکومت سے تحریری جواب مانگ لیا ہے .