تمام اضلاع کو انسداد سموگ میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھنی چاہیے ‘آصف بلال لودھی

ماحولیات کی مدد کیلئے ٹریفک پولیس اور ایم سی ایل افرادی قوت فراہم کریں گی‘کمشنر لاہور ڈویژن

جمعرات 14 نومبر 2019 19:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2019ء) کمشنر لاہور ڈویژن آصف بلال لودھی نے کہا ہے کہ لاہور کے علاوہ قصور، ننکانہ اور شیخوپورہ بھی سموگ کی لپیٹ میں ہے، اس لئے تمام اضلاع کو انسداد سموگ میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھنی چاہئے۔ کمشنر لاہور ڈویژن آصف بلال لودھی کی زیر صدارت انسداد سموگ کا اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) لیاقت علی، ڈی جی ماحولیات تنویر وڑائچ، ایڈیشنل کمشنر طارق قریشی، اے ڈی سی آر لاہور صفدر ورک، اے سی جی محمد جعفر، سیکرٹری آر ٹی اے غیاث الدین، ڈی او ماحولیات لاہور کے علاوہ تمام ڈی سی ز و ضلعی ہیڈکوارٹرز اے سی ز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

کمشنر لاہور نے کہا کہ سیٹلائٹ امیجری کو پن پوائنٹ کر کے کریک ڈاون کو مزید سخت کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فصلوں کی باقیات جلانے پر زیرو ٹالرنس ہے اور اس پر کوئی غفلت اور خلاف ورزی کرنیوالوں کیلئے کوئی معافی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری گاڑیاں اگلے 72 گھنٹوں میں فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔ کمشنر لاہورنے کہا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر خشت بھٹوں کی بندش سو فیصد ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا ماحولیات کی مدد کیلئے ٹریفک پولیس اور ایم سی ایل افرادی قوت فراہم کریں گی۔ انہوں نے کہا لاہور میں 18 زونل آفیسرز بھی انسداد سموگ سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں دھواں دار گاڑیوں اور صنعتی دھویں کے خلاف آج سے 12 کی بجائے تین گنا زیادہ یعنی 36ٹیمیں کام کریں گی۔ کمشنر لاہورنے کہا کہ آگاہی مہم کو بھرپور انداز میں تمام محکمے عملی طور پر چلائیں۔ کمشنر لاہور نے محکمہ ماحولیات کو لاہور میں ٹیموں کی تعداد تین گنا بڑھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ وہ دو روز کے بعد کارکردگی کا خود جائزہ لیں گے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ لاہور سے منسلک ضلعوں میں بھی لاہور سطح کا ایکشن لیا جائے۔