فردوس عاشق اعوان سے ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کی ملاقات ، میڈیا، فلم ،ثقافت کے شعبوں میں تعاون

بڑھانے پر تبادلہ خیال میڈیا پاکستان اور ایران کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان دونوں ممالک کا مفکر پاکستان ڈاکٹر محمد علامہ اقبالؒ کی زندگی اور کام بارے مشترکہ دستاویزی فلم کی تیاری میں تعاون پر اتفاق

جمعرات 14 نومبر 2019 21:44

فردوس عاشق اعوان سے ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کی ملاقات ، میڈیا، فلم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ میڈیا پاکستان اور ایران کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے،دونوں ممالک کے پاس عالمی سطح پر پیش کرنے کیلئے عظیم قومی ورثہ، روایات اور اقدار موجود ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایران کے پاکستان میں متعین سفیر مہدی ہنر دوست نے وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے الوادعی ملاقات کی جس میں میڈیا، فلم اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں شخصیات نے ثقافتی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ۔وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان اور برادراسلامی ملک ایران کی مذہبی اورثقافتی وابستگی مشترک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دوطرفہ میڈیا تعاون کو بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے پاس عالمی سطح پر پیش کرنے کیلئے عظیم قومی ورثہ، روایات اور اقدار موجود ہیں۔

ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے اور خوشگوارتعلقات موجود ہیں ، ایران مشترکہ پروڈکشن ،فلمی تبادلے اور سرکاری ٹی وی چینلز کے مابین باہمی تعاون کو بڑھا کر دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے علامہ اقبال کی زندگی اور کام کے بارے میں مشترکہ دستاویزی فلم کی تیاری میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اس سلسلے میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کی دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ کے لئے خدمات کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین رابطوں کیلئے مہدی ہنر دوست کے عزم اور متحرک کردار کی تعریف کی۔اس موقع پر ایرانی سفیر کو پاکستان اور ایران کے مابین میڈیا کے شعبے میں جاری تعاون پر بریفنگ دی گئی۔انھیں آگاہ کیا گیا کہ پاکستان ٹیلی ویڑن علامہ اقبال کے بارے میں مشترکہ دستاویزی فلم کے لئے ایرانی کو مکمل تعوان فراہم کرے گا۔