موجودہ حکمرانوں میں انسانیت ختم ہوچکی ہے،اسفندیارولی خان

جمعرات 14 نومبر 2019 22:07

موجودہ حکمرانوں میں انسانیت ختم ہوچکی ہے،اسفندیارولی خان
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے صحت سے متعلق انتہائی تشویشناک خبروں کے آنے کے بعد حکومتی رویہ انتقام پر مبنی ہے، عدالتی اجازت کے بعد نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنا اور ضمانتی بانڈز کے شرائط کے بہانے علاج سے روکنا سیاسی انتقام ہے، آصف علی زرداری کی سندھ منتقلی کا مطالبہ جائز ہے کیونکہ وہ صوبہ بھی پاکستان کا حصہ ہے۔

باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی سربراہ نے اپوزیشن کے دو بڑے رہنمائوں کے صحت کی تشویشناک حالت تک پہنچنے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں میں انسانیت ختم ہوچکی ہے، ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ کپتان کے آنے کے بعد سیاست سے شائستگی ختم ہوچکی لیکن اب بیمار رہنمائوں کو مزید اذیت میں ڈالنے کی روایت دیکھ کر کہا جاسکتا ہے کہ شائستگی کے ساتھ ساتھ انسانیت بھی ختم ہوکر رہ گئی ہے۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم نوازشریف سے متعلق عدالتی اجازت آچکی ہے لیکن پھر بھی انہیں باہر جانے اور ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے شرائط لگائے جارہے ہیں، یہ انتقام نہیں تو اور کیا ہی اسفندیارولی خان کا کہنا تھا کہ حکومت مان چکی ہے کہ ن لیگ کے قائد بیمار ہیں لیکن پھر بھی شرائط لگانا بدنیتی اور غیرانسانی سلوک ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ شرائط اس شخص کیلئے لگائے جارہے ہیں جو خود اپنی بیوی کو بستر مرگ پر چھوڑ کر اپنی بیٹی سمیت جیل جانے کیلئے ملک واپس آیا تھا مگر موجودہ حکمرانوں کا غیرسیاسی اور غیرانسانی جذبہ دیکھ کر یہی کہا جاسکتا ہے کہ یہ سیاسی نابلد لوگ ہیں۔

ڈاکٹرز بھی کہہ چکے ہیں کہ نوازشریف کی صحت روز بہ روز خراب ہوتی جارہی ہے لیکن حکمرانوں کو اپنی سیاست چمکانے کیلئے کوئی موضوع ہی درکار ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری بارے اے این پی سربراہ کا کہنا تھا کہ ذاتی معالج کی فراہمی ایک جائز مطالبہ ہے جو فوری طور پر انہیں فراہم کیا جانا چاہئیے۔ سندھ دھرتی کے لیڈر کو پنجاب کے جیلوں میں رکھنا زیادتی ہے، پنجاب اور سندھ دونوں ہی پاکستان کا حصہ ہے، ہونا تو یہ چاہئیے کہ وہ گھر کے قریب کسی جیل میں رکھا جائے تاکہ سندھ کے عوام کی بداعتمادی ختم کی جاسکے اور اسکے لئے ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی بھی ضرورت نہیں لیکن حکومت اپوزیشن رہنمائوں کیساتھ امتیازی سلوک روا رکھ کر انتقام لے رہی ہے۔

حکومت ہوش کے ناخن لیں کیونکہ یہ انتقامی جذبہ انہیں ڈوب کر بہا لے جائیگی۔ سیاسی مخالفین کے خلاف اس حد تک جانا انسانیت اور سیاسی روایات کی توہین ہے۔ انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کو جلد از جلد بغیر کسی شرط کے علاج کیلئے باہر بھجوایا جائے اور سابق صدر آصف علی زرداری کو انکے ذاتی معالج کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سندھ منتقلی یقینی بنائی جائی.