سعودی عرب میں بغیر لائسنس یا زائد المیعاد لائسنس گاڑی چلانے والوں کی شامت آ گئی

زائد المیعاد لائسنس کے ساتھ گاڑی چلانے پر 300 سے 500 ریال کا جرمانہ ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 15 نومبر 2019 10:39

سعودی عرب میں بغیر لائسنس یا زائد المیعاد لائسنس گاڑی چلانے والوں کی ..
ریاض(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15نومبر 2019ء) سعودی محکمہ ٹریفک کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ مملکت میں زائد المیعاد لائسنس کے ساتھ یا بغیرلائسنس کے گاڑی چلانے والوں کو کوئی معافی نہیں ہے۔ اس خلاف ورزی کے ارتکاب کی صورت میں 300تا 500 ریال تک کا جرمانہ بھگتنا ہو گا۔ سعودی محکمہ ٹریفک کے مطابق ڈرائیونگ کرتے وقت ہر وقت اپنے ساتھ لائسنس رکھنا ضروری ہے۔

اگر کسی کا لائسنس گم گیا ہے تو وہ ایسی صورت میں اُس وقت تک گاڑی نہ چلائے جب تک نیا لائسنس نہیں بنوا لیتا۔ اسی طرح لائسنس کی معیاد ختم ہونے سے قبل اس کی مُدت میں توسیع کروا لینی چاہیے تاکہ بعد میں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ مذکورہ خلاف ورزیوں کے مرتکب چاہے مرد ہوں یا خواتین، کسی سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

(جاری ہے)

جبکہ جرمانہ لائسنس ختم ہونے کی تاریخ کے 60 روز بعد شمار کیا جائے گا۔

اگر کوئی شخص ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے بغیر گاڑی چلاتا ہے یا وہ اپنا ڈرائیونگ لائسنس ضبط ہونے کے بعد بھی گاڑی چلاتا پایا گیا یا بریک اور لائٹس کے بغیر گاڑی چلاتا ہے یا پھر جعلی نمبر پلیٹ استعمال کر کے گاڑی چلاتا ہے تو ان تمام صورتوں میں اُسے بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جرمانے کی رقم کم از کم ایک ہزار ریال سے 2 ہزار ریال کے درمیان ہو گی۔

عام طور پر کم از کم جرمانہ ریکارڈ کیا جاتا ہے تاہم مخصوص حالات میں جرمانے کی انتہائی حد بھی لاگو کی جاسکتی ہے۔ اس انتہائی جرمانے کا فیصلہ وزارت داخلہ کے زیر انتظام کمیٹی کی جانب سے کیا جاتاہے۔واضح رہے کہ سعودی محکمہ ٹریفک کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والی یہ پوسٹ کہ بغیر لائسنس کے ڈرائیونگ پر ایک ہزار ریال جرمانہ اور ڈرائیور کی گرفتاری عمل میں آئے گی،اس خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

یہ محض افواہ ہے جس پر لوگوں کو کان دھر کر خود کو پریشان نہیں کرنا چاہیے۔ محکمہ ٹریفک نے اپنے اعلامیے میں یہ بھی کہا ہے کہ محکمے کی جانب سے ٹریفک خلاف ورزیوں سے متعلق اعلانات اور تفصیلات اس کی اپنی ویب سائٹ پر شائع کی جاتی ہیں۔ اگر کسی خلاف ورزی پر قید یا جرمانے کی سزا ہوتی ہے تو اس حوالے سے بھی تمام لوگوں کو باقاعدہ طریقے سے مطلع کیا جاتا ہے۔ مقامی اخبارات میں اس کی اطلاع شائع کرائی جاتی ہے۔