کرتارپور گوردوارہ میں مذہبی ہم آہنگی کی نئی مثال قائم ہو گئی

سوشل میڈیا پر کرتارپور میں ایک مسلمان شہری کے نماز پڑھنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 15 نومبر 2019 11:09

کرتارپور گوردوارہ میں مذہبی ہم آہنگی کی نئی مثال قائم ہو گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 نومبر 2019ء) : کرتارپور گوردوارے کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک مسلمان شہری کو گوردوارہ کے اندر نماز ادا کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو بظاہر ایک سکھ عقیدت مند نے ہی بنائی ہے۔ ویڈیو بنانے والے سکھ شہری کا کہنا تھا کہ یہ ویڈیو بنانے کا مقصد یہ ہے کہ آپ کو دکھایا جائے کہ یہاں کیا ہو رہا ہے ، سکھ شہری نے کہا کہ ایک طرف یہاں پر سکھوں کا پاٹ چل رہا ہے اور دوسری جانب یہاں پر ڈیوٹی پر موجود شہری اپنی شام کی نماز ادا کر رہا ہے۔

یہ وہ محبت اور پیار ہے جو ہمیں دیکھنے کو مل رہا ہے۔سکھ شہری نے کہا کہ میں اس سے بڑی انسانیت کی مثال نہیں ڈھونڈ سکتا۔ سکھ شہری نے نماز پڑھنے والے مسلمان سے بھی بات کی جس نے بتایا کہ مجھے یہاں پر ڈیوٹی کرتے دو سال کا عرصہ گزر چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ میں یہاں پر آئی ٹی سپروائزر ہوں، مجھے یہاں نماز پڑھنے پر کوئی کچھ نہیں کہتا۔ مجھے جب بھی وقت ملتا ہے میں وضو کر کے نماز پڑھ لیتا ہوں۔

سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: اس ویڈیو کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ یہ مذہبی ہم آہنگی کی تازہ مثال ہے جس سے سب کو سیکھنا چاہئیے۔ صارفین نے کرتارپور گوردوارہ میں بنائی گئی اس ویڈیو کو خوب سراہا اور کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتی جماعتوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے ، یہی وجہ ہے کہ حال ہی میں پاکستان کی حکومت نے سکھ بررادری کے لیے کرتارپور بارڈر کھول دیا جبکہ اب ملک بھر میں ہندوؤں کے مندر بھی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سکھ اور مسلمان برادریوں میں اس سے قبل بھی کئی مرتبہ مذہبی ہم آہنگی دیکھنے میں آئی ہے۔ سکھ برادری ہمیشہ مسلمان برادری کی مدد کرتی ہے ۔رواں برس جمرود کے رہائشی ایک سکھ شہری نے ماہ رمضان کے احترام میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کر دی تھی۔