سعودی عرب نے ادویات کی آن لائن فروخت پر پابندی عائد کر دی

سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے مطابق اجازت نامے کے بغیر آن لائن یا بذریعہ پوسٹ دوائیاں نہیں منگوائی جا سکتیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 15 نومبر 2019 12:12

سعودی عرب نے ادویات کی آن لائن فروخت پر پابندی عائد کر دی
جدہ (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15نومبر 2019ء) سعودی حکومت نے بیشتر ادویات آن لائن یا پوسٹ کے ذریعے منگوانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس کے علاوہ چند طبی آلات و لوازمات پر بھی یہ پابندی عائد کی گئی ہے۔ سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آئندہ سے کوئی بھی شخص آن لائن یا بذریعہ پوسٹ ادویات اور دیگر طبی سامان نہیں منگوا سکتا۔

تاہم اگر بہت ضروری ہو تو پھر اس کے لیے اتھارٹی سے پیشگی اجازت حاصل کرنا ہو گا۔ یہ پابندی بعض افراد اور اداروں کی جانب سے ممنوعہ ادویات منگوانے اور بھجوانے کے بڑھتے ہوئے منفی رحجان کو روکنے کی خاطر لگائی جا رہی ہے۔ سعودی اخبار کے مطابق سعودی ڈرگ اتھارٹی نے پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو بھی اس پابندی پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے خط لکھ دیا ہے جس میں تاکید کی گئی ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے کسی بھی قسم کی ایسی غیر رجسٹرڈ دوائیاں اور دیگر طبی آلات و سامان کی ترسیل نہ کی جائے جس کے لیے سعودی ایف ڈی اے کی جانب سے درآمد کی پیشگی منظوری کا اجازت نامہ منسلک نہ ہو۔

(جاری ہے)

اتھارٹی کے مطابق بعض افراد اور اداروں کی جانب سے مضر صحت اور جعلی دوائیاں، جڑی بوٹیاں اور دیگرطبی سامان جھوٹے دعوؤں کے ساتھ آن لائن فروخت کیا جا رہا ہے۔ یہ دوائیاں ممنوعہ اور غیر رجسٹرڈ ہیں ۔ جن کی فروخت اور ترسیل کرنے والے انٹرنیٹ یا ایکسپریس ڈاک کا سہارا لے رہے ہیں۔ اتھارٹی کے مطابق سعودی مملکت میں ادویہ اور طبی سامان کی منظوری کا باقاعدہ نظام اور طریقہ کار موجود ہے، کسی بھی فرد یا ادارے کو اپنی ادویات سعودی عرب بھیجنے سے قبل ان ادویات اور طبی ساز و سامان کو سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی سے رجسٹر کروانا ہو گا۔