صدرٹرمپ کا سپریم کورٹ سے اپنے ٹیکس گوشوارے کے تحفظ کا مطالبہ

جمعہ 15 نومبر 2019 17:00

صدرٹرمپ کا سپریم کورٹ سے اپنے ٹیکس گوشوارے کے تحفظ کا مطالبہ
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2019ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نی سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ استغاثہ کوان کے ٹیکس گوشوارے تک رسائی نہ دی جائے کیونکہ بطور صدر انہیں استثنیٰ حاصل ہے۔ رچرڈ نکسن کے بعد نیو یارک کی سابق کاروباری شخصیت ٹرمپ وہ پہلے امریکی صدر ہیں جنہوں نے اپنے ٹیکس گوشوارے کو پبلک نہیں کیا۔ صدر ٹرمپ کا استدلال ہے کہ ان کے آڈٹ کا اختیار صرف انٹرنل ریونیو سروس کو حاصل ہے ۔

واضح رہے کہ حزب اختلاف کے ڈیموکریٹس نے اس معاملے پرعدالت سے رجوع کر رکھاہے اور وہ 2011 ء کی بیک ڈیٹ سے صدر ٹرمپ کے ٹیکس ریٹرن کا ریکارڈ حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔ اگر امریکی ہائی کورٹ نے جہاں قدامت پسند جج اکثریت میںہیں ،اس مقدمے کو سنا تو امکان یہی ہے کہ وہ صدر کے ٹیکس گوشوارے کی جانچ پڑتال کا فیصلہ سنائے گی ۔

(جاری ہے)

گذشتہ ہفتے وفاقی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ صدر ٹرمپ دستاویزات ضرور حوالے کریں لیکن صدر کے وکلاء کا موقف ہے کہ صدر کوکسی بھی طرح کی تفتیش کے حوالے سے استثنیٰ حاصل ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ کے وکیل جئے سیکولو کا کہناہے کہ امریکی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ ریاستہائے متحدہ کے صدر کریمنل انوسٹی گیشن کے حوالے سے جواب دہ ہوئے ہیں۔ 23 اکتوبر کو اس کیس کی سماعت کے دوران ٹرمپ کے وکیل نے یہ مؤقف اپنایا تھاکہ اگر صدرکسی شخص کو گلی میں گولی بھی مار دے تو پھر بھی اسے استثنیٰ حاصل ہو گا ۔