11 ویں انٹیریئرز پاکستان نمائش 2019 کے ذریعے نمائش کنندگان کو نیٹ ورکنگ اور کاروبار میں توسیع کے مواقع میسر آئیں گے،فرنیچر کی ملکی صنعت کو فروغ حاصل ہو گا، میاں کاشف اشفاق

جمعہ 15 نومبر 2019 17:21

11 ویں انٹیریئرز پاکستان نمائش 2019 کے ذریعے نمائش کنندگان کو نیٹ ورکنگ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2019ء) پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ 22 نومبر سے لاہور میں شروع ہونے والے تین روزہ 11 ویں انٹیریئرز پاکستان نمائش 2019 سے نہ صرف فرنیچر سازی کی صنعت کو فروغ حاصل ہو گا بلکہ نمائش کنندگان کو یہاں نیٹ ورکنگ اور کاروبار میں توسیع کے وسیع مواقع بھی میسر آئیں گے۔

جمعہ کو نمائش کنندگان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ اس بار پھر پاکستان فرنیچر کونسل چین ، اٹلی ، سنگاپور ، امریکہ ، آسٹریلیا ، جاپان ، فلپائن ، برطانیہ ، بلغاریہ ، ڈنمارک ، نیپال ، سری لنکا ، انڈونیشیا اور ویتنام سمیت مختلف ممالک سے آنے والے وفود کا خیرمقدم کرتے ہوئے ملکی فرنیچر مصنوعات کو بیرونی دنیا اور نئی منڈیوں میں متعارف کرائے گی۔

(جاری ہے)

نمائش میں ڈائننگ، بیڈ روم ، لیونگ روم ، آفس، چلڈرن ، آؤٹ ڈور اور دیگر اقسام کے جدید اور دیدہ زیب فرنیچر اور متعلقہ مصنوعات اور ہارڈ ویئر کی پوری رینج پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نمائش کنندگان کو یہاں نیٹ ورکنگ اور کاروبار میں توسیع کے لئے نئے خریداروں سے رابطوں کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ نوجوان ڈیزائنرز اور آرکیٹیکٹس کو بھی مارکیٹ رجحانات کے مشاہدہ اور بڑے پروفیشنلز کے ساتھ ساتھ ملاقات اور ان کی مصنوعات کے ساتھ اپنے کام کی نمائش کا موقع بھی میسرآئے گا۔

میاں کاشف نے کہا کہ پی ایف سی لوگوں کو ہاتھ سے تیار فرنیچر کی قدروقیمت کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے کیونکہ ہاتھ سے فرنیچر کی تیاری انتہائی محنت طلب کام ہے۔ پی ایف سی مزید ممالک میں پاکستانی فرنیچر کی رسائی اور پاکستانی فرنیچر ڈیزائنرز اور مینوفیکچررز کو بین الاقوامی مارکیٹ میں متعارف کرانے کے لئے فوکل پوائنٹ کے طور پر اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر ایک ایسی بڑی فرنیچر مارکیٹ کے طور پر تسلیم نہیں کیا جاتا جو بین الاقوامی کاروباری برادری کو پاکستانی مصنوعات کی جدت اور معیار کی جانب راغب کرسکے۔ اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اس صنعت کی ترقی کے لئے بڑے بزنس ہائوسز کو فرنیچر مارکیٹوں میں سرمایہ کاری کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کرے۔